ٹڈی دل کے حملہ کی صورت میں ضلعی انتظامیہ،محکمہ زراعت کے دیے گئے نمبروں پر فوری اطلاع دی جائے،ڈپٹی کمشنرخانیوال

منگل 26 مئی 2020 15:50

خانیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2020ء) ڈپٹی کمشنر آغاظہیر عباس شیرازی کی زیر سرپرستی خانیوال اور کبیروالا کے علاقوں میں عید کے ایام میں بھی سرویلینس اور آپریشن کمبیٹ جاری رہا۔جاری آپریشن کے دوران عید کے روز موضع جنگل ذخیرہ پیرووالا میں پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ٹڈی دل کے کے تدارک کیلئے فضا سے سپرے کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ زراعت کے افسران کے ہمراہ خود موقع پر پہنچ کر آپریشن کا جائزہ لیا۔مزید برآں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر متاثرہ علاقوں میں بھی عید کے ایام میں سرویلینس اور سپرے کا کام جاری رہا۔اس موقع پر کاشتکاروں کے ساتھ ٹڈی دل کے تدارک کیلئے آگاہی سیشنز کا انعقاد بھی کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کاشتکاروں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ٹڈی دل حملہ کی صورت میں کاشتکاروں کو گھبرانے کی بالکل ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت اور محکمہ مال کی ٹیمیں تمام علاقوں میں موجود ہیں جہاں پر ٹڈی دل بیٹھے وہاں پر فوری سپرے کیا جائے۔ کاشتکار ٹڈی دل کے حملہ کی صورت میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کے دیے گئے نمبروں پر فوری اطلاع دیں۔انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل جہاں بیٹھے وہاں پر کاشتکار اپنے طور پر بھی مشینری سے لیمبڈا سائی ہیلو تھرین تین ملی لیٹر ( فی لیٹر) پانی میں ملا کر سپرے کرسکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں