ڈپٹی کمشنر نے یوم آزادی کے سلسلہ میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کاآغاز کر دیا

منگل 14 اگست 2018 22:35

خانیوال۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری اور ڈی پی او فیصل مختار نے یوم آزادی کے موقع پر ڈسٹرکٹ جناح لائبریری خانیوال کے لان میں السٹونیا اور اشوک کے پودے لگا کر سرکاری دفاتر میں شجرکاری مہم کا آغاز کیااس موقع پر اے ڈی سی آر منظور خان چانڈیہ ، ا ے ڈی سی جی محمد اختر منڈھیرا ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت سردار جمیل احمد سمیت دیگر محکموں کے سرکاری افسران ، علماء کرام ، سیاسی سماجی کارکنان اور عمائدین علاقہ بھی موجود تھے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قومی شجر کاری مہم میں ضلع خانیوال میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جس سے علاقہ سرسبز و شادابی سے ہمکنار ہونے کے ساتھ ساتھ حسن و رعنائی سے بھی مزین ہو گا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ شجرکاری کے بغیر ممکن نہیں اس لیے ذیادہ سے ذیادہ پودے لگائے جائیں۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری اور ڈی پی او فیصل مختار نے یوم آزادی کے موقع پر ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مریضوں کی عیادت کی اور ان میں تحائف اور مٹھائی تقسیم کی اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طارق گیلانی ، ڈی ایچ او ڈاکٹر سمیرا ، ایم ایس ڈاکٹر محمد آصف جاوید بھی انکے ہمراہ تھے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے ہسپتال میں منعقدہ یوم آزادی کے سلسلہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک پاکستان ہمارے بزرگوں اور آبائو اجداد کی لازوال قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے اس لیے ہمیں اسکی حفاظت اور ترقی اور سلامتی کے لیے نیک نیتی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دینے ہونگے۔تقریب میں ڈاکٹروں ،پیرامیڈیکل سٹاف اور محکمہ صحت کے افسران و ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

بعدازاں ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری اور ڈی پی او فیصل مختار ڈسٹرکٹ جیل خانیوال بھی گئے اور وہاں پر قیدیوں سے ملاقات کی اور انہیں یوم آزادی کی مبارک باد دی ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام قیدیوں میں تحائف اور مٹھائی تقسیم کی۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر اسی طرح انہیں بھی آزادی کی خوشیوں میں شریک کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل خانیوال چوہدر ی طاہر مجید،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل عبدالصبور سکھیرا سمیت دیگر افسران و ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں ملی نغمے بھی پیش کیے گئے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری اور ڈی پی او فیصل مختار نے جیل میں جشن آزاد ی کیک بھی کاٹا ۔

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں