قوم معصو م شہدا ء اے پی ایس کے والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہے ، ڈپٹی کمشنرخانیوال

پیر 17 دسمبر 2018 17:11

خانیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول خانیوال میں آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی چوتھی برسی پر ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی ہوئی اور دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے خصوصی شرکت کی اور ڈی ای او سیکنڈری سید محمود نبی ، پرنسپل عقیدت حسین سومرو ، وائس پرنسپل چوہدری محمد محسن سمیت دیگر سرکاری افسران، اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد نے شمولیت کی۔

ڈپٹی کمشنراشفاق احمد چوہدری نے شہداء آرمی پبلک سکول پشاور کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم معصوم شہداء کی عظیم قربانی کبھی فراموش نہیں کریگی جس میں اساتذہ اور طلباء نے اپنے لہو سے تاریخ رقم کر کے ہمیں دہشت گردی کے خلاف پختہ عزم و حوصلہ بخشا اور قوم معصو م شہدا ء کے والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں انہوں نے کہا کہ معصوم جانوں کے اس واقعہ نے جہاں پوری قوم کو کرب وغم میں مبتلا کیا وہاں قوم میں دہشت گردی کے خلاف یکجہتی اور وحدت کو جنم دیا ہے ڈی ای او سیکنڈری سید محمود نبی نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس پشاور میں معصوم جانوں نے وطن پر قربان ہو کر قوم کو ہمیشہ کے لئے ایک سفاک دشمن کے خلاف متحد کرایا جو انسانیت کے ماتھے پر دھبہ اور حیوانیت کی بد ترین مثال ہے ۔

(جاری ہے)

پرنسپل عقیدت حسین سومرو نے کہا کہ 16۔ دسمبر دہشت گردی اور ظلم وبربریت کے خلاف قومی عزم اور اتحاد کی تجدید کا دن ہے ۔ دعائیہ تقریب میںوائس پرنسپل چوہدری محمد محسن اور اکرم ہراج نے بھی شہداء اے پی ایس پشاور کو خراج تحسین پیش کیا بعد ازاں اے پی ایس پشاور ، آرمی اور پولیس کے شہداء کے درجات کی بلندی اور ملکی سلامتی و استحکا م کے لئے خصوصی دعا کی گئی ۔

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں