خانیوال، ڈینگی کے خلاف مہم میں تمام محکموں کو متحرک ہونے کے احکامات

بدھ 18 ستمبر 2019 23:09

خانیوال18ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) حکومت پنجاب کی ہداہت پر ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ڈینگی کے خلاف مہم میں تمام محکموں کو متحرک ہونے کے احکامات دیتے ہوئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی مہم بارے غلط رپورٹنگ اور فرضی اعدادو شمار ہرگز برداشت نہیں کئیے جائینگے، افسران فرضی رپورٹس دینے کے بجائے فیلڈ میں نکلیں مہم میں کسی جگہ کوئی غفلت پائی گئی تو ذمہ دار متعلقہ محکمہ کا سربراہ ہوگا۔

انہوں نے یہ بات انسداد ڈینگی مہم بارے محکمہ صحت اور لائینز ڈیپارٹمنٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں محکمہ صحت، ماحولیات، تعلیم، زراعت، کالجز، فشریز و دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو انسداد ڈینگی مہم میں محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کی کار کردگی بارے بریفنگ دی گئی- ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر مزید احکامات دئیے کہ ڈینگی مہم میں ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے اور اس مہم میں نجی تعلیمی اداروں کو بھی شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس مہم میں کوئی ایک شخص یا محکمہ اکیلے کچھ نہیں کر سکتا مشترکہ کوششوں سے ہی ڈینگی کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایات پر عمل نہ کرنے والے ٹائر شاپس مالکان کے خلاف مقدمات درج کرانے، سرویلینس، لاری سائیڈل راؤنڈز کا کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے سی ای او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں کاؤنٹرز کو فعال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی بارے شہریوں میں بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے۔

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں