صوبہ پنجاب میں ڈینگی کے انسدا د کے لیے سر توڑ کوششیں جاری ہیں ،شاہد نصر راجہ

جمعہ 18 اکتوبر 2019 21:13

خانیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) ممبر انکوائریز فرسٹ ایس اینڈ جی اے ڈی پنجاب شاہد نصر راجہ نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں ڈینگی کے انسدا د کے لیے سر توڑ کوششیں جاری ہیں محکمہ صحت سمیت دیگر تمام سرکاری ادارے ڈینگی کے تدارک کے لیے اپنی سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھیں اور ڈینگی سرویلنس ٹیمیں لاروا سائیڈنگ کے لیے قبرستانوں، کباڑ خانوں، ٹائر شاپ اور کھڑے پانی والی جگہوں کو فوکس بنائیں تاکہ ڈینگی مچھر کا جڑ سے خاتمہ ہو سکے۔

یہ بات انہوں نے انسداد ڈینگی بارے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کہی ،جو ان کی صدارت میں ہوا، جس میں اے ڈی سی آر تنویر یزداں، چیف آفیسر / ڈی ڈی ایل جی محمد حسین بنگش،اے سی خانیوال زین العابدین، ڈی ایچ او ڈاکٹر فضل الرحمن بلال، محکمہ صحت سمیت دیگر سرکاری اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ممبر انکوائریز فرسٹ ایس اینڈ جی اے ڈی پنجاب شاہد نصر راجہ نے ضلع خانیوال میں انسداد ڈینگی کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا ڈینگی فوکل پرسن ڈاکٹر ہشام خالد نے ملٹی میڈیا پر صدر اجلاس کو ابتک ڈینگی سرویلنس ٹیموں کی سرگرمیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی صدر اجلاس نے محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی مچھر کے جڑ سے خاتمہ کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر دیں اس سلسلہ میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہو ں نے ضلع خانیوال میں سرکاری سطح پر ڈینگی کے خاتمہ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد ازاں ممبر انکوائریز فرسٹ ایس اینڈ جی اے ڈی پنجاب نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک معائنہ کیا اور وہاں پر ڈینگی بخار کے مریضوں کے لیے مختص وارڈ میں طبی سہولتوں کا جائزہ لیا انہو ں نے ایمرجنسی وارڈ کے دیگر شعبہ جات کا بھی معائنہ کیا وہ اچانک مرکزی قبرستان بھی گئے جہاں پر انہوں نے محکمہ صحت، بلدیہ، ماحولیات، سمیت دیگر محکموں کی سرویلنس ٹیموں کی طرف سے ڈینگی لاروا سائیڈنگ کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا دریں اثناء ممبر انکوائزفرسٹ نے اسسٹنٹ کمشنر میاں چنوں کے دفتر میں بھی انسداد ڈینگی بارے اجلاس میں محکمو ں کی طرف سے کی جانیوالی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں