بارعب آواز کے مالک عزیز میاں قوال کو مداحوں سے بچھڑے انیس برس بیت گئے

جمعرات 5 دسمبر 2019 22:16

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2019ء) بارعب آواز کے مالک عزیز میاں قوال کو مداحوں سے بچھڑے انیس برس بیت گئے ان کی19ویںبرسی 6دسمبر بروزجمعہ منائی جائے گی۔ ان کا شمار پاکستان کے مقبول ترین قوالوں میں ہوتا ہے وہ اپنی قوالیوں میں اکثر علامہ اقبال اور قتیل شفائی کی شاعری استعمال کرتے تھے۔بھاری بھرکم اور طاقت ور آواز کے مالک عبدالعزیز المعروف عزیز میاں قوال 17اپریل 1942ء کو پیدا ہوئے تقسیم ہند کے بعد انہوں نے لاہور میں سکونت اختیار کی وہ پاکستان کے مقبول ترین قوالوں میں شمار ہوتے تھے انہیں ’’ اللہ ہی جانے کون بشر ہے ‘‘ ’’ یا نبیؐ یا نبی ؐ ‘‘ اور ’’ میں شرابی شرابی ‘‘ جیسی قوالیوں نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

قوالی کی دنیا میں شاندار خدمات پر حکومت پاکستان نے انہیں 1989ء میں پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا انہیں شاہ ایران رضا شاہ پہلوی کے سامنے یادگار پرفارمنس پر گولڈ میڈل سے نوازا گیا وہ اپنی قوالیوں کی شاعری خود لکھتے تھے انہوں نے جامعہ پنجاب لاہور سے فارسی، اردو اور عربی میں ایم اے کیا تھا وہ قوال کے ساتھ ساتھ عظیم فلسفی بھی تھے ان کا اصل نام عبدالعزیز تھا جبکہ میاں ان کا تکیہ کلام تھا جس کی وجہ سے وہ عزیز میاں کے نام سے جانے جاتے تھے۔

(جاری ہے)

عزیز میاں قوال 6دسمبر2000ء کو علالت کے باعث 58برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے ۔

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں