دنیا کی تاریخ میں موجودہ مارچ وہ پہلا مہینہ ہے جس میں اتنے سارے مارچ ہونگے ،حافظ حسین احمد

ملکی سیاسی گٹھ جوڑ اور خرید وفروخت میں جو کل غیروں پر بھاری تھاآنے والے کل میں اپنوں کے لیے بھاری ثابت ہوسکتاہے

بدھ 16 مارچ 2022 22:08

کبیروالا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2022ء) جمعیت علما اسلام پاکستان کے سینئر رہنما سابق سینیٹر ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے این این آئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کی تاریخ میں موجودہ مارچ وہ پہلا مہینہ ہے جس میں اتنے سارے مارچ ہونگے ،مال والا اور مولانا دونوں کے ساتھ ایک اور ہاتھ ہو سکتا ہے ملکی سیاسی گٹھ جوڑ اور خرید وفروخت میں جو کل غیروں پر بھاری تھاآنے والے کل میں اپنوں کے لیے بھاری ثابت ہوسکتاہے انہوں نے کہا کہ مارچ کے اس آخری عشرے میں ہونی انہونی اور انہونی ہونی ہو سکتی ہے در اصل اپوزیشن کے سیاسی محکمہ موسمیات کے اعلان کے مطابق پورے ملک سے عوامی جھکڑ 25 مارچ کو رات تک اسلام آباد داخل ہوکر ڈی چوک کا رخ کریں گے جبکہ حکومتی دفاعی سیاسی محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے انصافی ژالہ باری کو بھی 27 مارچ کو ڈی چوک میں جمع کیا جائے گا اس صورت حال میں 28 مارچ کو پارلیمنٹ کے اندر کھیلے جانے والے T172 فائنل کے لیے پچ کارآمد رہ سکے گی جبکہ حکمران الیون اپنی ٹیم کو پارلیمان گراونڈ میں اتارنے سے بھی خائف نظر آرہی ہے اور مزید ستم ظریفی یہ کہ آصف علی زرداری اپنے ارکان پارلیمنٹ کو آرٹیکل 63 کے تحت ووٹ دینے کے لیے بلارہے ہیں جبکہ عمران خان نیازی اسی آرٹیکل 63 کے تحت اپنے اراکان کو پارلیمنٹ جانے سے روک رہے ہیں اس سے واضح ہوتا ہے کہ عدم اعتماد کا سامنا کرنے والے اورعدم اعتماد لانے والے دونوں کا اپنے ارکان پارلیمنٹ پر بھی مکمل طور پر اعتماد نہیں ہے حافظ حسین احمد نے کہا لگتا ہے کہ ماضی کی طرح پچ کا معائنہ امپائر کو ہی کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ حکومت اور اپوزیشن نے 22 ، 23 اور 24 مارچ کو قومی وقار اور بین الاقوامی قابل احترام مہمانوں کے مشترکہ استقبال کے لیے عملا سیز فائر کردی ہے ۔

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں