موجودہ حکومت کا ہر کام ملکی ترقی ، خوشحالی اور بہتر دفاع کے لیے عملی طور پر نمونہ ثابت ہو گا‘ جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کا جو وعدہ عوام سے کیا ہے وہ اپنے دور حکومت میں ہی پورا کریں گے

وفاقی وزیر منصوبہ بندی‘ ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کی وفد سے گفتگو

جمعہ 14 ستمبر 2018 23:39

خانپور۔14 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی‘ ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کا جو وعدہ وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے کیا ہے وہ ضرور شرمندہ تعبیر ہو گا‘ اپنے اس دور حکومت میں پاکستان کی ترقی اور قوم کی فلاح و بہبود کے لیے وہ کام ترجیحی بنیادوں پر کیے جا رہے ہیں جس کی مثال پچھلے 71 برس میں نہیں ملے گی‘ اسلام آباد میں یونین کونسل ڈھنڈ گاگڑی سے تعلق رکھنے والے ایک وفد سے گفتگو کے دوران مخدوم خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ ترقی اور خوشحالی کے ثمرات یکساں طور پر محروم زدہ علاقوں میں بھی پہنچیں گے جس طرح پنجاب میں ایک پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے سردار عثمان بزدار کو پنجاب کا وزیر اعلیٰ بنا کر وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف نے ایک بہت بڑی مثال قائم کی ہے اسی طرح موجودہ حکومت کا ہر کام ملکی ترقی ، خوشحالی اور بہتر دفاع کے لیے عملی طور پر نمونہ ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کا جو وعدہ عوام سے کیا ہے وہ اپنے دور حکومت میں ہی پورا کریں گے حکومت نے یہ عزم کر رکھا ہے کہ اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا تاکہ جنوبی پنجاب کے عوام میں احساس محرومی کا خاتمہ ممکن ہو۔ اس موقع پر چوہدری محمد ظفر عطاء اور حاجی ریاض احمد زرگر نے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار کو اپنے علاقہ میں موجود مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جس پر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان میں بھی اسی طرح ترقیاتی کام ہوں گے جس طرح ملک کے دیگر بڑے شہروں میں ہوتے ہیں اب یہ حکومت چھوٹے بڑے کی تفریق کو ختم کر دے گی‘ وفاق کا کام بڑے بھائی کا کردار ادا کرنا ہوتا ہے‘ چھوٹے صوبوں کا احساس محرومی پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی پوری ٹیم انتہائی تندہی سے اپنے پہلے 100دنوں میں عوام سے کیے ہوئے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے دن رات مصروف عمل ہے اس دوران سیاسی مخالفین حکومت کے خلاف مختلف پروپیگنڈے کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان نے اپنے قوم سے پہلے خطاب میں یہ بتا دیا تھا کہ کرپٹ اور ملک لوٹنے والوں کو جب ان کے انجام اور کیفر کردار تک پہنچانے کا تحرک شروع ہو گا تو مختلف الزامات اور منفی پروپیگنڈے شروع ہوں گے وہ آگاہی وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ملک کے عوام کو پہلے ہی دے دی تھی‘ اوورسیز پاکستانی ملک کی ترقی او رخوشحالی میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ملک میں آبی ذخائر بنانے کے حوالے سے جو فیصلے عمران خان نے کیے ہیں ان پر ہر صورت عمل درآمد ہو گا۔

خان پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں