خان پور ،مدرسے کے طالب علم کی زبان کاٹ دی گئی

متاثرہ طالب علم کٹی زبان کے ساتھ رسیوں سے بندھا ہوا تھا، پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی

جمعہ 23 اگست 2019 20:14

خان پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2019ء) پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے علاقے خان پور میں نامعلوم افراد نے مقامی مدرسہ کے 16 سالہ طالب علم کی زبان کاٹ دی۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ مدرسہ صدیقیہ تعلیم القرآن پاکستان کالونی میں پیش آیا جہاں متاثرہ طالب علم انور زیر تعلیم تھا۔

(جاری ہے)

متاثرہ طالب علم کٹی زبان کے ساتھ رسیوں سے بندھا ہوا تھا جسے ریسکیو اور مقامی پولیس نے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا بعد ازاں حالت نازک ہونے پر ڈاکٹرز نے متاثرہ طالب علم کو شیخ زید اسپتال رحیم یار خان ریفر کر دیا۔

دوسری جانب پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔یاد رہے گزشتہ ماہ مسلم لیگ نواز کے سابق رکن صوبائی اسمبلی مولانا الیاس چنیوٹی کے مدرسہ میں طالبات پر نامعلوم افراد نے چھریوں سے حملہ کیا تھا۔لواحقین کے مطابق رات گئے مدرسہ میں بچیوں پر نامعلوم افراد نے چھریوں سے حملہ کیا۔ چھریاں دو بچیوں کے پیٹ، سر اور کان پر ماری گئی ہیں۔واقعہ کے فوری بعد پولیس کو اطلاع دی گئی تاہم روایتی سستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات گھنٹوں بعد بھی پولیس موقع پر نہ پہنچی۔

خان پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں