حالیہ شدید بارشوں نے بلوچستان کے بیشترعلاقوں کو تباہی و بربادی سےدوچار کردیا ہے ، عبدالقادربلوچ

جمعرات 4 اگست 2022 20:32

خاران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق گورنر بلوچستان و سابق وفاقی وزیر جنرل ر عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ حالیہ مون سون شدید بارشوں اور طوفانی ہواؤں نے بلوچستان کے بیشتر علاقوں کو تباہی و بربادی سے دو چار کردیا ہے ،بلوچستان کے کئی اضلاع میں بارش و سیلاب کی وجہ سے مال مویشی فصلات و باغات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں اور قیمتی جانوں کا ضیاع ہوکر انسانی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے، سینکڑوں انسانوں کو موت نے نگل لیا ہزاروں جانوروں کو پانی بہا کر لے گیا۔

فصلات نیست و نابود ہوئے۔ زمینات بندات کو شدید نقصان پہنچا ہے ہزاروں انسان گھروں سے محروم ہو کر کھلے آسمان تلے بھوک پیاس اور بے سروسامانی کی وجہ سے کمپرسری کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا کہ قدرتی بارشوں کی وجہ سے عام شہری بلکہ دھیاڑی طبقہ بے روزگاری کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ متاثرین کے بحالی کی کوئی خاطر خواہ انتظام نہیں۔

رابطہ سڑکوں کی بحالی کیلئے کوئی موثر اقدام نہیں اضلاع اور شہروں کے آمدورفت کا سلسلہ ایک دوسرے سے منقطع ہوچکا ہے۔بیان کے آخر میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت اور بلوچستان حکومت سمیت پی ڈی ایم اے، این ڈی ایم اے کو متاثرین کے فوری بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ پریشان حال عوام کو فوری طور پر صحت خوراک اور رابطہ سڑکوں کیلئے ریلیف مل سکے۔

خاران میں شائع ہونے والی مزید خبریں