کھاریاں میں بچوں کی لڑائی نے 8 افراد کی جان لے لی

مقتولین کے حامیوں نے بدلہ لینے کے لیے مخالفین کے گھروں پر پٹرول اور مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 9 مئی 2020 12:43

کھاریاں میں بچوں کی لڑائی نے 8 افراد کی جان لے لی
کھاریاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔09 مئی2020ء) پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں بچوں کی لڑائی کو بنیاد بنا کر فائرنگ کرکے 8 افراد کو قتل کر دیا گیا ہے۔مقتولین کے حامیوں نے مخالفین کے گھروں پر پٹرول اور مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگائی۔تفصیلات کے مطابق کھاریاں میں بچوں کی لڑائی نے 8 افراد کی جانیں لے لیں،یہ لڑائی دو گروپوں کے مابین ہوئی۔حمزہ گروپ نے شان گروپ کے حامی افراد کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

واقعے میں دوافراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔پولیس کے مطابق ان دونوں گروہوں کی پہلے سے دشمنی چلی آرہی تھی اور ایک ماہ قبل بچوں کی لڑائی پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔بچوں کی لڑائی کو بنیاد بنا کر حمزہ گروپ نے آج شان گروپ کے حامی افراد کو کھیتوں میں گندم کی کٹائی کے دوران فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

(جاری ہے)

قتل ہونے والوں میں دو عورتیں شامل تھیں۔

واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔جبکہ قتل ہونے والے افراد کا بدلہ لینے کے لیے مقتولین کے حامیوں نے مخالفین کے گھروں پر دھاوا بول دیا اور پٹرول چھڑک کر3گھروں کوآگ لگا دی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق امدادی ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف ہیں ۔وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

۔ڈی پی او شیخوپورہ کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں تاہم تاحال کوئی گرفتار نہیں ہو سکا۔واضح رہے کہ اب سے کچھ روز قبل سیالکوٹ میں بھی بچوں کی لڑائی کا ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جس میں معروف ٹک ٹاکر غنی ٹائیگر کے والد کو قتل کر دیا گیا تھا،سیالکوٹ پسرور میں نامعلوم ملزمان نے غنی ٹائیگرکے گھر میں فائرنگ کردی تھی، ملزمان نے غنی ٹائیگر کے والد کے سر میں گولی ماری، جبکہ بھائی کی ٹانگ میں گولی مار کرشدید زخمی کردیاتھا، غنی ٹائیگر نے پسرور کی اے ٹی اے تنظیم پر والد کے قتل کا الزام عائد کیا تھا ۔

کھاریاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں