قوم کا کشمیر پر موقف تبدیل نہیں ہوا‘آخری سانس تک کشمیریوں کے ساتھ ہیں‘چوہدری عابد رضا

جمعرات 7 نومبر 2019 15:13

کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2019ء) ڈویثرنل صدر مسلم لیگ(ن) گوجرانوالہ چوہدری عابدرضا کوٹلہ ممبر قومی اسمبلی حلقہ این اے 71 نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کا کشمیر پر موقف تبدیل نہیں ہوا۔آخری سانس تک کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ 94 دن ہوچکے کشمیر سے کرفیو نہیں ختم نہیں کیا جاسکا، جبکہ حکمرانوں کو دھرنے کے خلاف باتیں کرنے سے فرصت نہیں۔

72 سال سے کشمیر ی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بنیادی انسانی حقوق کے مطابق حق خود ارادیت کشمیریوں کا حق ہے۔ جس سے دنیا کی کوئی طاقت انہیں روک نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک بات ہے کہ امت مسلمہ کشمیر فلسطین اور چین کے مسلمانوں کے لیے کچھ نہیں کر سکی۔ چین کے مسلمان بھی تنگ زندگی گزار رہے ہیں روہنگیا کے مسلمانوں کوبھی بھلادیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جغرافیائی حدود کا اسلام میں کوئی تصور نہیں ہے کلمہ کی بنیاد پر تمام مسلمان جسد واحد ہیں اور یہ اتحاد برقرار رکھا جانا چاہیے ۔مگر افسوس عالمی سطح پر بدامنی کا جائزہ لیا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ امت مسلمہ ہی مفلوک الحالی ، پریشانی اور انتشار کا شکار ہے۔ملت اسلامیہ جسے متحد ہونا چاہیے تھا،اسے مختلف فرقوں اور ملکوں میں بانٹ دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی ہٹ دھرمی اور قوم کو صحیح طریقے سے آگاہی نہ دینے پر کشمیر کا مسئلہ مزید گھمبیر ہوچکاہے انشاء اللہ آنے والے قومی الیکشن کے بعد مسلم لیگ(ن) اقتدار میں آکر مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کروائے گی ۔

کھاریاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں