کھاریاں‘ پولیس نے گزشتہ ماہ 203 مجرمان اشتہاریوں،69منشیات فروشوں اور 86 اسلحہ ناجائز رکھنے والوں کو گرفتار کیا

بدھ 6 اکتوبر 2021 13:16

کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2021ء) پولیس نے گزشتہ ماہ 203 مجرمان اشتہاریوں،69منشیات فروشوں اور 86 اسلحہ ناجائز رکھنے والوں کو گرفتار کیا 4خطرناک گینگز کے 10کارندوں کو گرفتار کر کے 11 لاکھ روپے کا مال مسروقہ برآمد کیا خاص طور پر اشتہاری ملزمان، ناجائز اسلحہ اور منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گجرات عمر سلامت کی قیادت میں پولیس نے گزشتہ ماہ سماج دشمن عناصر کی گرفتاریوں کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

اس دوران گجرات پولیس کی جانب سے سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کی گرفتار ی کے لئے شروع کی گئی مہم کے دوران پولیس ٹیموں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قتل، ڈکیتی اوررابری سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک 203 مجرمان اشتہاری گرفتارکئے۔

(جاری ہے)

جن میں 37 اے کیٹگری، 90 بی کیٹگری جبکہ 76عدالتی مفرور شامل ہیں۔اس عرصہ کے دوران گجرات پولیس نے 04 خطرناک گینگ ہائے کے 10 ممبران کو گرفتار کر کے 11 لاکھ روپے کا مال مسروقہ برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کیا۔

اس کے علاوہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کر تے ہوئے 86 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے بھاری اسلحہ ناجائز برآمدکیا جن میں 5عدد رائفل کلاشنکوف 02بندوق، 03 رائفل، 77پسٹل اورسینکڑوں گولیاں شامل ہیں۔سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 69 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 33کلوچرس، 180گرام ہیروئن،170بوتل شراب معہ01 چالو بٹھی اور شراب کشید کرنے والا سامان برآمد کیا گیا۔اس کے علاوہ جواریوں کے خلاف کئے گئے آپریشن میں 9جواریوں کو گرفتار کرکے 3مقدمات درج کئے گئے۔ڈی پی او عمر سلامت نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ گجرات پولیس شہریوں کے جان ومال کے تحفظ اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لئے پر عزم ہے۔

کھاریاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں