شہریوں کو سستے داموں اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کیلئے 10سہولت بازار قائم کئے جائینگے،سیف انور جپہ

سہولت بازار میں دس کلو گرام آٹے کا تھیلہ 375روپے میں فروخت ہوگا، چینی بھی اوپن مارکیٹ سے کم قیمت پر فروخت ہوگی،ڈپٹی کمشنر

بدھ 26 مئی 2021 00:32

کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2021ء) وزیر اعظم پاکستان کے وژن اورحکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو سستے داموں اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کیلئے 10سہولت بازار قائم کئے جائیں گے، یہ سہولت بازار فوری فنکشنل کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز عامر شہزاد، ظہیر لیاقت، افضل حیات تارڑ، اسسٹنٹ کمشنرز سلمان ظفر، خالد عباس سیال، احسن ممتاز، چیف آفیسرز اور مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ تحصیل گجرات میں ظہور الہی اسٹیڈیم، شاہ جہانگیر روڈ، ماڈل بازار، کنجاہ، جلالپور جٹاں، تحصیل کھاریاں میں جی ٹی روڈ کھاریاں، لالہ موسی، ڈنگہ، کوٹلہ ارب علی خاں، جی ٹی روڈ سرائے عالمگیر میں لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سہولت بازار میں دس کلو گرام آٹے کا تھیلہ 375روپے میں فروخت ہوگا، چینی بھی اوپن مارکیٹ سے کم قیمت پر فروخت ہوگی اسی طرح سبزی، گوشت، چکن، انڈے، دالیں، کریانہ آیٹمز مارکیٹ سے کم قیمت پر دستیاب ہونگی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ گزشتہ سال ماہ اکتوبر میں لگائے گئے سہولت بازاروں کیوجہ سے شہریوں کو واضع ریلیف ملا تھا، بعد ازاں رمضان بازاروں میں آٹا، چینی اور دیگر اشیا سبسڈی پر یا سستے داموں فراہم کی گئی تھیں، دوبارہ سہولت بازار بھی اسی عزم کا تسلسل ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات کو تحصیل گجرات اور سرائے عالمگیر جبکہ اے ڈی سی فنانس ظہیر لیاقت کو تحصیل کھاریاں کے سہولت بازاروں کیلئے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیل میں سہولت بازاروں کے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔

کھاریاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں