کھاریاں،غیر ت کے نام پر بیوی پر پٹرول چھڑک کر قتل کرنیوالا خاوند گرفتار

ہفتہ 9 اکتوبر 2021 11:55

کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2021ء) غیر ت کے نام پر بیوی پر پٹرول چھڑک کر قتل کرنے والا خاوند گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق مسماة زینب بی بی دختر محمد بوٹا سکنہ ضلع سیالکوٹ جس کی شادی 4/5سال قبل سوک کلاں گجرات کے رہائشی مسمی ذیشان الٰہی ولد احسان الٰہی سے ہوئی تھی اور اس کی دو بیٹیاں تھیں جبکہ وہ تین ماہ کی حاملہ بھی تھی۔

جس کی اچانک موت واقعہ ہوگئی اور اس کے سسرال والے تدفین کے انتظامات کر رہے تھے کہ اسی دوران نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر پولیس کو کسی نے اطلاع کردی کہ زینب کو قتل کیا گیاہے، اس کیس کی جانچ کی جائے۔ جس کے بعدگجرات پولیس فوراً حرکت میں آئی۔ ڈی ایس پی لالہ موسیٰ میاں افضال شاہ اور ایس ایچ او تھانہ صدر گجرات انسپکٹر شہباز ہنجرا اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی۔

(جاری ہے)

جو تفتیشی ٹیم پیشہ ورانہ مہارت سے جلد ہی واقعہ کی تہہ تک پہنچ گئی۔ مسماة زینب کو اس کے ظالم خاوند اور سسر نے قتل کیا تھا اورمقدمہ سے بچنے کے لئے بغیر کسی کو اطلاع کئے مقتولہ کو چوری چھپے دفنانے کی کوشش کررہے تھے۔پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرکے ملزم ذیشان الٰہی (خاوند)اور احسان الٰہی (سسر) کو گرفتار کرلیا۔

جنہوں نے دوران انٹیروگیشن انکشاف کیا کہ زینب کا کردار مشکوک تھا۔جس کی وجہ سے ہم نے اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی،جس سے وہ بری طرح جھلس گئی اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاںبحق ہو گئی۔ہم نے واقعہ کو چھپانے اور مقدمہ سے بچنے کے لئے فوراً ہی قبرتیار کروا کرنماز جنازہ کا وقت بھی مقر ر کردیا تھا۔گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈی پی او گجرات عمر سلامت نے کہا ہے کہ ملزمان کتنے ہی شاطراور چالاک کیوں نہ ہوں،وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔

اس موقع پر میں اس سفاکیت پر خاموشی اختیار کرنے کی بجائے پولیس کو اطلاع دینے والے شہری کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جس کی بروقت اطلاع کی بدولت ظالم ملزمان آج سلاخوں کے پیچھے ہیں۔میری تمام شہریوں سے بھی درخواست ہے کہ اپنے اردگرد ہوتے جرم کی اطلاع پولیس کو ضرور دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

کھاریاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں