کھاریاں، پولیس نے اندھے قتل کی داردات ٹریس کرلی، قاتل گرفتار کرلیا

جمعرات 21 اکتوبر 2021 14:55

کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) پولیس نے اندھے قتل کی ایک اور داردات ٹریس کرلی، قاتل گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق 28ستمبر کو تھانہ کنجاہ کے علاقہ سمن پنڈی میں ایک 65سالہ خاتون عفت بی بی زوجہ محمد عارف کو اس کے گھر کے اندرنامعلوم ملزمان نے تیز دھار آلے سے گلاکاٹ کرموت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی انویسٹی گیشن عمران رزاق، ڈی ایس پی صدر سرکل حافظ امتیاز احمد اورایس ایچ او تھانہ کنجاہ فرقان شہزاد پولیس نفری کے ہمراہ فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی۔

موقع واردات سے کرائم سین یونٹ کے ذریعے شواہد اکٹھے کئے گئے۔ بعد ازاں پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ کنجاہ میں مقتولہ کے داماد محمد عرفان کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔

(جاری ہے)

واقعہ کے متعلق فوری طور پر ڈی پی او گجرات عمر سلامت کو بھی آگاہ کیا گیا۔ جنہوں نے ڈی ایس پی صدر حافظ امتیاز احمد کی زیر نگرانی خصوصی ٹیم تشکیل دے کر ہدائیت کی کہ ملزمان کوجلد از جلد ٹریس کرکے گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔

جس پر پولیس نے مقدمہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی،اس دوران جدید ٹیکنالوجی کو بھی بروئے کار لایا گیا۔ پولیس کے لئے اندھے قتل کی اس واردات کوٹریس کرنا اور نامعلوم قاتلوں کی گرفتار ی ایک چیلنج تھی۔ ایس ایچ اوتھانہ کنجاہ فرقان شہزاد، SIمحمدیوسف اور ان کی ٹیم نے انتہائی محنت سے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے اس اندھے قتل کی واردات کوانتہائی کم عرصہ میں ٹریس کرکے قاتل کوآلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزم احمد احسان ولد غلام سرور قوم زرگر ساکن دلانوالہ نے دوران انٹیروگیشن انکشاف کیا کہ کچھ عرصہ قبل وہ اپنے گاؤں سے مقتولہ کے گھر شادی کا کارڈ دینے گیا تھا۔جو دوران گفتگو مقتولہ نے ذکر کیا کہ اس کے گھٹنوں میں درد رہتا ہے، جس پر میں نے انہیں ایک دوائی کے متعلق بتایا تو اس نے کہا کہ مجھے منگوا دیں،جو میں دوائی دینے موضع سمن پنڈی مقتولہ کے گھر گیا تو وہ گھر میں اکیلی موجود تھی۔جس پر میں نے گھر میں موجود چھری سے عفت بی بی کا گلا کاٹ کر قتل کردیا اور بعد ازاں مقتولہ کا پرس،موبائل فون اور شناختی کارڈ لے کر موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے ملزم سے آلہ قتل چھری، مسروقہ پرس،شناختی کارڈ اور موبائل فون برآمد کرلیا ہے۔ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

کھاریاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں