کھاریاں ‘ضلع میں شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کیلئے ریچ ایوری ڈور (ریڈIV)مہم 20جون سے 3جولائی تک جاری رہے گی

اتوار 19 جون 2022 15:10

کھاریاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2022ء) این سی او سی اور حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع میں شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کیلئے ریچ ایوری ڈور (ریڈIV)مہم 20جون سے 3جولائی تک جاری رہے گی، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) رضوان قدیر نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریویو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اسسٹنٹ کمشنرز زوہیب ممتاز، خضر حیات سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر نعیم اختر جنجوعہ، سی ای او ایجوکیشن چوہدری اورنگزیب، ڈی ایچ او ڈاکٹر ذاکر علی رانا، مختلف محکموں کے ضلعی سربراہان، سی ای اوز و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) رضوان قدیر نے بتایا کہ ریڈ تھری مہم کے اختتام تک ضلع گجرات کے رہائشی بارہ سال اور اس سے زائد عمر کے 94فیصد شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی پہلی جبکہ 83فیصد شہریوں کو دوسری ڈوز لگائی جاچکی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ریچ ایوری ڈور (ریڈIV)مہم کے دوران ایسے تمام افراد جنکی ویکسی نیشن نہیں ہو سکی انہیں ویکسین لگائی جائے گی، ایسے افراد جن کو دو خوراک لگائی جاچکی ہیں انہیں بوسٹر ڈوز لگائی جائے گی نیز ایسے افراد جنہیں بوسٹر ڈوز لگوائے چار ماہ سے زائد ہو چکے ہیں وہ دوسری بوسٹر ڈوز لگوا سکتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) رضوان قدیر نے بتایا کہ ضلع گجرات میں ویکسی نیشن کے لئے چار سو ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، تمام محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے افسران وملازمین کی ویکسی نیشن کرائیں اور ضلع بھر میں ویکسی نیشن کیلئے محکمہ صحت کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔

کھاریاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں