سعودی عرب گوادر میں آئل ریفائنری لگائے گا ،ْوزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین

حکومت شفافیت اور خوداحتسابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ‘احتساب کا عمل بھی جاری ہے آنے والے دنوں میں احتساب کا عمل مزید تیز ہوگا‘ملک اور قوم کی دولت لوٹنے والے چوروں اور ڈاکوئوں کو حساب دینا ہوگا ‘اسحاق ڈار کمپنی نے عوام کا جو پیسہ کھایا ہے وہ ہر صورت واپس لائیں گے ،ْ تقاریب سے خطاب

جمعہ 5 اکتوبر 2018 22:18

سعودی عرب گوادر میں آئل ریفائنری لگائے گا ،ْوزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین
کھیوڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سعودی عرب گوادر میں آئل ریفائنری لگائے گا ‘موجودہ حکومت شفافیت اور خوداحتسابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ‘احتساب کا عمل بھی جاری ہے آنے والے دنوں میں احتساب کا عمل مزید تیز ہوگا‘ملک اور قوم کی دولت لوٹنے والے چوروں اور ڈاکوئوں کو حساب دینا ہوگا ‘اسحاق ڈار کمپنی نے عوام کا جو پیسہ کھایا ہے وہ ہر صورت واپس لائیں گے ۔

وہ پنڈدادنخان ‘کھیوڑہ ‘جہلم میں مختلف تقاریب سے خطاب کر رہے تھے۔وفاقی وزیرچوہدری فواد حسین نے آئی سی آئی کی جانب سے کھیوڑہ کے عوام کو پینے کے صاف پانی کے حصول کے لئے دیئے گئے جنرریٹرز ‘سپیریئر کالج پنڈ دادنخان کا بھی افتتاح کیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کے لئے ایک بڑی خوشخبری ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بیرون ممالک سے قرض لینے کی بجائے بیرونی سرمایہ کاری پر زور دے رہی ہے ‘وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے بعد سعودی حکومت کا اعلی سطحی وفد پاکستان میں سرمایہ کاری کی غرض سے آیا اور بہت سے شعبوں میں بات چیت ہوئی ہے ‘سعودی عرب نے گوادر میں آئل ریفائنری لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ایم او یو پر جلد دستخط ہو جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک بھی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے عوام کے ساتھ جتنے بھی وعدے کیے ہیں وہ پورے کیے جائیں گے ‘موجودہ حکومت نے 35سال کا گند صاف کرنا ہے اس کے لئے 35دن کافی نہیں ہیں ‘ہمارے کارکردگی کھلی کتا ب کی مانند ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب ملک اور قوم کی دولت لوٹنے والوں کا احتساب ہوگا اور لوٹی ہوئی دولت واپس خزانے میں جائے گی تو اسی سے عوام کی تسلی ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں ملک کا مجموعی قرضہ 6ٹریلین ‘زرداری دور میں غیر ملکی قرضہ 13ٹریلین اور نوازشریف دور میں غیر ملکی قرضہ 28ٹریلین تک جا پہنچا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کاروبار دوست حکومت ہے ‘کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اچھا ماحول فراہم کررہے ہیں ‘جب ملک میں کاروباری سرگرمیاں فروغ پائیں گی تو ملک کی معیشت پر اسکے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔

کھیوڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں