کھیوڑہ میں یو مِ عاشورکے ماتمی جلوس برآمد ہو گئے

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 26 اکتوبر 2015 12:15

کھیوڑہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اکتوبر۔2015ء) کھیوڑہ میں یو مِ عاشورکے ماتمی جلوس برآمد ہو گئے۔ جلوس مغرب کے وقت امام بارگاہ بخاری پر اختتام پذیر ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق آج بعد نمازِ فجر شہر میں یومِ عاشور کی مذہبی تقاریب کا آغاز ہو گیا۔ شہر میں یہ تقاریب امام حسین اور ان کے جاں نثاروں کی یاد میں مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جاتی ہیں۔

آج صبح مسجد و امام بارگاہ علی المرتضیٰ میں بعد نمازِ فجر مجلسِ عزاء برپا ہوئی۔اس مجلس سے مولانا عمران سہیل نے خطاب کیا۔جس کے بعد شہر بھر میں مومنین کے گھروں میں نیاز اور ماتم کا سلسلہ شروع ہو گیا۔اس رسم کا آغاز حسبِ روائت اس برس بھی راجہ فیض الحسن فیض ایڈوکیٹ کے گھر سے ہوا۔بعد نماز مغرب ایک ماتمی جلوس علم و تعزیہ کا امام بارگاہ فیض علی شاہ محلہ اسلام گنج سے جب کہ دوسرا علم کا جلوس راجہ فیض الحسن فیض ایڈوکیٹ کے گھر سے برآمد ہوا ۔

(جاری ہے)

یہ دونوں جلوس مرکزی شاہ راہ پر سول اسپتال کے نزدیک آپس میں مل گئے۔ اور یہ جلوس شماما چوک کی جانب روانہ ہو گیاچوک پر اس کا ملاپ علم اور ذوالجناح کے امام بارگاہ حسینیہ محلہ جوتانیہ سے برآمد ہونے والے ایک بڑے جلوس سے ہو گیا۔ اس مقام پر ماتمیوں نے بڑی شدت سے علاوہ دست کے خنجر و زنجیر زنی بھی کی۔جس کے نتیجہ میں کئی درجن سوگوار زخمی ہو گئے جنھیں سول اسپتال کھیوڑہ کے عملہ نے طبی امداد دی۔

اس مقام سے تینوں جلوس یکجا ہو کر ایک مرکزی جلوس کی صورت میں امام بارگاہ شاہ بخاری کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔ یہ جلوس مغرب کے وقت منزل پر پہنچے گا۔ امام بارگاہ پر بعد نمازِ مغرب مجلس شامِ غریباں برپا ہو گی۔مجلس سے مولانا سید اصغر علی نقوی ملتان اور ذاکر قیصر عباس لنگاہ خطاب کریں گے جس کے بعد مومنین کے گھروں میں ماتمیوں کو بطورِ عشائیہ نیاز تقسیم کی جائے گی۔یوں یومِ عاشور کی عزاداری کا اختتام ہو جائے گا۔اس شہر میں محرم نہایت پر امن طور پر منایا جاتا ہے مسلمانوں کے دونوں مسالک کے علاوہ غیر مسلم بھی عزاداری میں حصہ لیتے ہیں۔

کھیوڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں