ن لیگی رہنماؤں نے اپنے قائد نواز شریف کے پوسٹر کو بھی نہ بخشا

ن لیگی اُمیدوار جعفر اقبال پوسٹر پر بنی نواز شریف کی تصویر کو چُومتے رہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 29 جون 2018 15:25

ن لیگی رہنماؤں نے اپنے قائد نواز شریف کے پوسٹر کو بھی نہ بخشا
خوشاب (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جون 2018ء) : انتخابات 2018ء کی آمد کے پیش نظر انتخابی اُمیدواروں نے اپنی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ عام انتخابات 2018ء سے قبل خیال کیا جا رہا تھا کہ مسلم لیگ ن کو قائد کی نا اہلی اور پارٹی کے اندرونی اختلافات کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہو گا۔ ایک طرف جہاں مسلم لیگ ن کو مشکلات کا سامنا ہے وہیں ن لیگی اُمیدوار اور کارکنان اپنے قائد کی محبت میں گرفتار ہیں۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر ن لیگی رہنما جعفر اقبال کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انہیں انتخابی مہم کے دوران ہاتھ میں پکڑے ہوئے پوسٹر پر بنی نواز شریف کی تصویر کو بار بار چُومتے ہوئے دیکھا گیا۔ جعفر اقبال نے انتخابی مہم کے تحت نکالی گئی ریلی میں پوسٹر پر موجود نواز شریف کی تصویر کو بار بار چُوما جسے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے مضحکہ خیز تبصرے بھی کیے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا پانامہ اسکینڈل سامنے آنے اور نواز شریف کی کرپشن بے نقاب ہونے کے باوجود ابھی بھی ان کے رفقا اور کارکنان ان کو اتنی ہی محبت کرتے ہیں جبکہ کچھ صارفین نے جعفر اقبال کے اس عمل کو نواز شریف کی چاپلوسی قرار دیا اور کہا کہ یہ سب ٹکٹ حاصل کرنے کے بعد قائد کو خوش رکھنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن نے عام انتخابات 2018ء کے لیے این اے 70 سے جعفر اقبال کو ٹکٹ جاری کر رکھا ہے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ن لیگی رہنما جعفر اقبال نے کہا تھا کہ میں یہ بات آن ریکارڈ کہہ رہا ہوں کہ آپ میرا 2012ء کا فون ریکارڈ نکال لیں۔ میری جنوری سے لے کر مارچ تک کی کالز کا ریکارڈ نکال لیں۔ مجھے کہا گیا کہ آپ پاکستان تحریک انصاف میں جائیں۔ جعفر اقبال نے کہا کہ ووٹ عوام نے دینا ہے، اب حالات بدل گئے ہیں۔ان کے اس دعوے پر پروگرام میں موجود دیگر افراد نے بھی حیرت کا اظہار کیا تھا۔جعفر اقبال کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

خوشاب میں شائع ہونے والی مزید خبریں