راجن پورمیں اغوا کے بعد بازیاب ہونے والے پولیس اہلکاروں کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا

اہلکار غفلت اور غیر ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے مقامی زمیندار کی دعوت کھانے چلے گئے اور اغوا ہو گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 9 جون 2021 16:13

راجن پورمیں اغوا کے بعد بازیاب ہونے والے پولیس اہلکاروں کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا
راجن پور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جون 2021ء) : راجن پور میں کچے سے اغوا کے بعد بازیاب ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا جبکہ غفلت برتنے پر چوکی انچارج کو بھی فارغ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او فیصل گلزار نے کہا کہ اہلکار غفلت اور غیر ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے مقامی زمیندار کی دعوت کھانے چلے گئے تھے اور اغوا ہو گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کچے میں سے دو پولیس اہلکاروں کانسٹیبل عرفان منظور اور محمد ارشد کو اغوا کیا گیا تھا جنہیں پولیس کی جانب سے کامیاب آپریشن کے بعد بازیاب کروایا گیا تھا۔ آپریشن میں ایک ہزار اہلکاروں میں اے پی سی بکتر بند سمیت جدید اسلحہ کا استعمال کیا گیا۔ اس واقعہ کے ذمہ داروں کے تعین کے لیے محکمانہ انکوائری کی گئی۔

(جاری ہے)

متعلقہ انکوائری میں 2 اہلکار اور چوکی انچارج قصور وار ثابت ہوئے جنہیں ''ڈسمس فرام سروس'' کر دیا گیا۔

نوکرری سے فارغ ہونے والوں میں اے ایس آئی عبدالرحمان، کانسٹیبلز عرفان منظور اور محمد ارشد شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اہلکار 26 مئی کو اغوا ہوئے جس کے بعد 2 جون کو آپریشن شروع کیا گیا جو 4 جون کو ختم کر دیا گیا۔ اس دوران 2 پولیس اہلکاروں کو بازیاب کروایا گیا۔ یاد رہے کہ راجن پور میں کچے کے علاقے ميں پوليس کا ڈاکوؤں کے خلاف گرينڈ آپريشن کیا گیا تھا۔

آر پی او نے یہ بھی بتایا کہ آپریشن کے دوران ڈرون کیمروں سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ جدید سائنسی ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔ دو جون کو جاری بیان میں پولیٹکل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن میں اب تک 23 افراد کو حراست میں لیا گیا، زیر حراست مشکوک افراد سے تفتیش کی جارہی ہے۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے تمن کھوسہ میں لادی گینگ نے 3 افراد کو اغواء کر لیا تھا۔ اغوا کے بعد خیر محمد نامی مغوی کو فائرنگ کر کے اور محمد رمضان کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا تھا۔ ڈاکوؤں نے آپریشن شروع ہونے کے بعد تیسرے مغوی کو آزاد کر دیا تھا جس کے بعد وہ اپنے گھر پہنچ گیا۔

خوشاب میں شائع ہونے والی مزید خبریں