ملک میں پُرامن انداز میں انتخابات کا انعقاد تمام سیاسی جماعتوں کی خواہش ہے ، نواب ثناء اللہ خان زہری

پائیدارو مستحکم جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی ہی میں قوم و ملک کی کامیابی مضمر ہے ،سابق وزیراعلی بلوچستان

منگل 17 جولائی 2018 23:35

ملک میں پُرامن انداز میں انتخابات کا انعقاد تمام سیاسی جماعتوں کی خواہش ہے ، نواب ثناء اللہ خان زہری
خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان پی بی 38خضدار ون سے نامزد امیدوار نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی ایک ہی خواہش ہے کہ ملک میں پُرامن انداز میں انتخابات کا انعقاد ہو ، ووٹرز اطمینان کے ساتھ پولنگ اسٹیشن جائیں اپنا ووٹ کاسٹ کرکے واپس گھر کو لوٹ آئیں ، پائیدارو مستحکم جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی ہی میں قوم و ملک کی کامیابی مضمر ہے ،2013ء اور 2018ء کے انتخابات جھالاوان و سراوان سمیت بلوچستان و پورے ملک کے لئے صدمہ اور سانحات کا سبب بن گئے ، 2013ء کے الیکشن میں میرے بھائی بھتیجااور بیٹے اور میرے دوسرے ساتھی جام شہادت نوش کر گئے اوراسی طرح 2018کے الیکشن میں چیف آف سراوان کے بھائی و قوم کے بہادر سپوت نوابزادہ سراج رئیسانی اور ان کے دوست و عام عوام الناس کی جانوں کانقصان ہمیں اٹھانا پڑا ، اس کے باجود ہماری ہمت اور عزم وحوصلوں میں کوئی کمی نہیں آئی ہے ،جمہوریت ملک و قوم کے لئے دی گئی ان قربانیوں پر ہم فخر کرتے ہیں ان خیالات کااظہار انہوںنے خلق جھالاوان خضدار میں کرخ ، ساسول، زیدی ، گورو، مولہ ، زہری ، باغبانہ ، خط کپر ، پارکو، نوغے ودیگر علاقوں سے آئے ہوئے سیا سی و قبائلی زعماء پارٹی وفود اور اپنے ووٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) خضدار سٹی کے صدر منیراحمد قمبرانی ، جنرل سیکریٹری چیف محمد نور زہری ، مسلم لیگ (ن) خضدار کے صدر میر عبدالرحمان زہری بھی موجو دتھے ۔ نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ ملک ہے تو ہم ہیں ، پاک وطن کے معاشی استحکام ،قیام امن ، اور تعمیر و ترقی کے لئے پوری قوم کو یکجھتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا ، ملک میں دشمن عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کررہاہے ان کی ان سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا ۔

انہوںنے کہاکہ ہماری سیاست غور و فکر اپنے بد حال عوام کے لئے ہے ۔1980کے دھائی سے لیکر آج تک عوام کے اعتماد و تعاون سے اسمبلیوں تک رسائی حاصل کی اور تمام نمائندوں سے بڑھ کر عوام کی فلاح و بہبود و خوشحالی کے لئے کام کیااور اپنے حلقہ سمیت پورے صوبے کی تعمیر و ترقی پر توجہ دی ، آئندہ بھی عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہو کر ماضی کی طرح عوام کی رہنمائی کریں گے غربت کے خاتمہ اور زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے خصوصی پروگرام دیں گے ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں