پاکستان ہمارے آبائو اجداد کی انتھک محنت اور لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے ، وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے

پرنسپل بلوچستان ریذیڈنشل کالج خضدار محمد عالم جتک کا تقریب سے خطاب

اتوار 12 اگست 2018 18:50

․ خضدار۔12 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2018ء) فرنٹیئر کور قلات اسکائوٹس کے زیر اہتمام یوم آزادی کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف نجی اور سرکاری اسکولوں کے طلبا ء طالبات نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پرنسپل بلوچستان ریذیڈنشل کالج خضدار محمد عالم جتک تھے طلبا ء و طالبات نے یوم آزادی کی منسابت سے تقاریر ملی نغمے ،ٹیبلو پیش کئے اس موقع پر مہمان خصوصی بلوچستان ریزیڈنشل کالج خضدار کے پرنسپل حاجی محمد عالم جتک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج خوشی اور تجدید عہد و عزم کا دن ہے پاکستان ہمارے آبائو اجداد کی انتھک محنت اور لازوال قربانیوں کے بعد ہمیں نصیب ہوا انہی کی محنت اور قربانیوں کا ثمر ہے کہ آج ہم آزاد فضائوں میں اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اتحاد و اتفاق سے قومیں ترقی کرتی ہیں کیونکہ جن قوموں میں اتحاد و اتفاق اور یک جہتی نہیں ہوتی وہ قومیں زوال کا شکار ہوتی ہیں ہمارا ازلی دشمن آج بھی ہمیں نت نئی چالوں سے نقصان پہنچانے اور عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر ممکن کوششوں میں مصروف ہے ہمیں اندرونی اور بیرونی خطرات کا بھی سامنا ہے اسے ہماری خوشحالی اور ترقی راس نہیں آتی ان کاکہنا تھا کہ ملک کی ترقی میں طلبا کا اہم رول ہوتا ہے اس لئے یہ لازمی ہے کہ طلبا معیاری تعلیم پر اپنا بھرپور توجہ دیں تاکہ جدید دور سے ہم آہنگ ہوکر ہم ترقی یافتہ ملکوںکا مقابلہ کرسکیں ۔

تقریب سے ایف سی اسکول اور کالج کے پرنسپل فرید اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرنٹیئر قلات اسکائوٹس ماضی کی طرح اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا تاکہ شہر کے تمام اسکولوں کے طلباکی شرکت کو یقینی بناکر انکی صلاحیتیوں کو اجاگر کرکے وطن عزیز کے اس یادگار دن کو یاد کیا جاسکے ، آئیں سب مل کر عہد کریں کہ وطن عزیز کی ترقی کے لیئے سب مل کر پرعزم ہوکر اپنا کردار ادا کریں ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں