جے یو آئی سلیکٹڈ وزیراعظم و اس کے جتھے کیخلاف صف آراء ، جمہوریت کے استحکام و توانائی کیلئے چلنے والی تحریک کے سرخیل جماعت ہے،مولانا قمرالدین یونس زہری

بلوچستان کے لاکھوں عوام اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کیلئے تیار، حکومت سے چھٹکارے کیلئے بے تاب ہیں ، دنیاء نے بہت سارے لانگ مارچ دیکھے ہونگے ،جے یوآئی کا آزادی مارچ تاریخی اور نسلوں تک یاد رکھنے والی تحریک ہوگی ، جے یو آئی کے رہنمائوں کا ضلعی جنرل کونسل کے اراکین سے خطاب

جمعرات 10 اکتوبر 2019 22:00

جے یو آئی سلیکٹڈ وزیراعظم و اس کے جتھے کیخلاف صف آراء ، جمہوریت کے استحکام و توانائی کیلئے چلنے والی تحریک کے سرخیل جماعت ہے،مولانا قمرالدین یونس زہری
خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2019ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سرپرست سابق رکن قومی اسمبلی مولانا قمرالدین ، جے یوآئی بلوچستان کے سرپرست سینیٹر مولانا فیض محمد جے یوآئی کے مرکزی کونسل کے ممبر ورکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری ، جے یوآئی خضدار کے جنرل سیکریٹری مولانا عنایت اللہ رودینی ، مفتی عبدالقادر شاہوانی،جے یوآئی خضدار سٹی کے امیر مولانا محمد اسحاق شاہوانی ، سردار علی محمد قلندرانی، وڈیرہ عبدالخالق موسیانی، مولانا محمد صدیق مینگل نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام موجودہ سلیکٹڈ وزیراعظم و اس کے جتھے کے خلاف صف آراء اور جمہوریت کی استحکام و توانائی کے لئے چلنے والی تحریک کے سرخیل جماعت ہے، موجودہ ناجائز حکومت کا خاتمہ جے یوآئی کی آخری منزل ہے ، 27اکتوبر کے دن کو پورے ملک کی طرح بلوچستان کے قافلے بھی اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہونگے ، بلوچستان کے لاکھوں عوام اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کے لئے تیار اور اس حکومت سے چھٹکارے کے لئے بے تاب ہیں ، دنیاء نے بہت سارے لانگ مارچ دیکھیں ہونگے ،تاہم جے یوآئی کا آزادی مارچ تاریخی اور نسلوں تک یاد رکھنے والی تحریک ہوگی اور قوم پر مسلط کی جانے والی حکومت کو خس وخاشاک کی طرح بہا لیجائے گی ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعیت علمائے اسلام کی ضلعی جنرل کونسل کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل جے یوآئی کی مجلس عمومی کا دستوری اجلاس زیر صدارت جے یوآئی خضدار کے امیر مولانا قمرالدین کے دفتر مرکزِ اسلامی میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ضلع بھر کے سینکڑوں ممبران نے شرکت کی ، تمام تحصیل و سب تحصیل نمائندوںنے اپنے حلقوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور اسلام آباد آذادی مارچ کی تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی اپنے حلقوں میں کیئے جانے والے اقدامات اور تیاریوں کے حوالے سے جنرل کونسل کے اراکین کو آگاہ کیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ہزاروں کی تعداد میں کارکن خضدار سے آذادی مارچ میں حصہ لینے کے لئے اسلام آباد روانہ ہوگی ۔اجلاس میں جے یوآئی خضدار کے جنرل سیکریٹری مولانا عنایت اللہ رودینی جنرل کونسل کے اراکین کوآذادی مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور کس سطح کی تیاریاں کرنا ہیں ان کے حوالے سے جنرل کونسل کے ممبران کو آگاہ کیا ۔

جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ، صوبائی و ضلعی اراکین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے یوآئی ملک و ملت اور قوم کی نظریہ کی پاسبان جماعت ہے اس جماعت نے ہمیشہ عدل ومساوات اور آئین و قانون کی بالادستی کے لئے جدوجہد کی ہے آمریت کا دور ہو یا کمزور جمہوریت ہو جمعیت علمائے اسلام نے کسی بھی موقع پر بھی قوم کی رہنمائی کو پسِ پشت نہیں ڈالی بلکہ ہمیشہ صف اوّل کا کردار ادا کرتے ہوئے میدانِ کارِ زار میں آئی اور ان جمہوریت مخالف قوتوں کو للکارا ہے ، آج بھی قوم کے درمیان جمعیت علمائے اسلام موجود ہے اور اس ناجائز حکومت کے خلاف تحریک چلانے میں سب سے آگے ہے ، پورے ملک میں 15کامیاب ملین مارچ و اس میں ڈیڈھ کروڑ عوام کی شرکت نے یہ بات سب پر عیاں کردی کہ قوم جے یوآئی اور جمہوریت پسند جماعت کے ساتھ ہے جو قوم کے برخلاف فیصلہ دیں گے اور قوم کی رائے کو اہمیت نہیں دیں گے ان کے خلاف قوم اٹھ کھڑی ہوگی اور اس حکومت کا خاتمہ جمہوریت تحریکوں کی صورت میں سامنے آئے گی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ آپ دیکھیں گے کہ جے یوآئی ایک قوت بن کر ابھرے گی اور 27اکتوبر سے ہی آذادی مارکا آغاز ہوگا جمہوریت کے استحکام ، توانائی اور حقیقی جمہوریت کے نفاذ کا دن ہوگا جب پورے ملک سے قوم لاکھوں کی تعداد میں اسلام آباد کی طرف مارچ کریگی اور اس کے اگلے روز اسلام آباد میں انسانوں کا سمندر دکھائی دے رہا ہوگا ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ اب بھی وقت ہے کہ موجودہ سلیکٹڈحکومت اقتدار چھوڑ کر قوم کو آذادانہ رائے دہی کا موقع فراہم کردے ورنہ اس کے بعدحکمرانوں کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لئے آذادی مارچ قومی تحریک نوشتہ دیوار ثابت ہوگی۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں