منشیات ہمارے نوجوانوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے ،سجاد بلوچ

حکومت اور منشیات کیخلاف کام کرنیوالے ادارے کارروائی عمل میں لائیں،خضدار سے منشیات کے خلاف لانگ مارچ کرکے کوئٹہ آنے والے نوجوان کی پریس کانفرنس

اتوار 16 فروری 2020 19:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2020ء) خضدار سے منشیات کے خلاف لانگ مارچ کرکے کوئٹہ آنے والے نوجوان سجاد بلوچ ،بی این پی (عوامی) کے مرکزی رہنما واحد بلوچ اور بی ایس اوکے نذیر بلوچ نے کہا ہے کہ منشیات ہمارے نوجوانوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے حکومت اور منشیات کے خلاف کام کرنے والے ادارے منشیات فروشوں اورانکی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے لگائے جانے والے کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پر تحریک جوانان نظریاتی کے چیئرمین نجیب اللہ ترین ، مرکزی سیکرٹری جنرل رانا سکندر ،صوبائی صدراحسان اللہ کاکڑ اور بلال بڑیچ بھی موجود تھے۔سجاد بلوچ نے کہا کہ ہم نے منشیات کے خلاف آگاہی کے حوالے سے 6فروری کو خضدار سے کوئٹہ کی جانب لانگ مارچ شروع کیا اور ہفتہ کو کوئٹہ پہنچے جہاں ہم نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے کیمپ لگایا جو آج باقاعدہ ہم ختم کرنے کااعلان کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم تعاون کرنے پر مختلف سیاسی جماعتوں ،طلباء تنظیموں اور سماجی رہنماوں کا شکریہ اد اکرتے ہیں لیکن ہمیں افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے ارکان صوبائی اسمبلی اختر حسین لانگو، اکبرمینگل اور احمد نواز بلوچ کے علاوہ اسمبلی میں موجود کسی بھی جماعت نے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات ہمارے نوجوانوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے لیکن منشیات فروشوں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے گزشتہ دنوں نوشکی میں منشیات فروشوں کے خلاف آواز بلندکرنے والے نوجوان سمیع بلوچ کوشہید کردیا گیاتین دن گزرنے کے باوجوداسکے قاتل گرفتا ر نہیں ہوئے ہیں ہمیں بھی منشیات فروشوں سے خطرہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اورمنشیات کے خلاف کام کرنے والے ادارے منشیات فروشوںاورانکی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔بی این پی(عوامی) کے مرکزی رہنما واحد بلوچ نے کہا کہ خضدار سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے اپنی مدد آپ کے تحت منشیات کے خلاف پیدل کوئٹہ تک لانگ مارچ کیا اور نوجوانوں میں منشیات کے نقصانات سے متعلق آگاہی پیدا کی جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد منشیات استعمال کرتی ہے حکومت منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرے۔ بی ایس او کے نذیر بلوچ نے منشیات فروشوں کے ہاتھوں نوشکی میںشہید ہونے والے سمیع بلوچ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف آواز بلند کرنے کی پاداش میں سمیع بلوچ کو شہید کیا گیا لیکن تاحال انکے قاتل گرفتار نہیں ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ منشیات کی روک تھام کو یقینی بنائے اور منشیات فروشوں اور انکی پشت پناہی کرنے والے با اثر افراد کے خلاف کارروائی کرے۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں