حکومت نے عوام کو بے روزگاری ، مہنگائی اور غربت کے ماسوا کچھ بھی نہیں دیا ،نواب ثناء اللہ خان زہری

ہم نے اپنے دورِ حکومت میں ترقیاتی منصوبوں کا جو تیز رفتار سلسلہ جہاں چھوڑ کر آئے تھے یہ سلسلہ وہاں سے آگے نہیں بڑھ سکا ، مرکزی رہنما مسلم لیگ ن

ہفتہ 7 مارچ 2020 22:19

حکومت نے عوام کو بے روزگاری ، مہنگائی اور غربت کے ماسوا کچھ بھی نہیں دیا ،نواب ثناء اللہ خان زہری
خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2020ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ حکومت نے عوام کو بے روزگاری ، مہنگائی اور غربت کے ماسوا کچھ بھی نہیں دیا ہے ۔آج قوم زندگی کی جس نزاکت کے دور سے گزر رہی ہے اس کی نوبت قبل ازیں کبھی بھی نہیں آئی ہے ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے قو م کی قوتِ خرید جواب دے گئی ہے ۔

وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں کی کار کردگی کا زمین بوس ہوتے گراف کا اندازہ اس بات سے لگائی جاسکتی ہے کہ قوم کے نوے فیصدافرادنے اظہار رائے ان کی مخالفت میںاور دس فگر سے بھی کم رائے ان کے حق میں دی ہے۔ملکی تاریخ میںاس سے بڑھ کر بری طرح فلاپ ہونے والی حکومت کی کوئی مثال نہیں ملتی ہے ۔

(جاری ہے)

بلوچستان میں حکومت کی کوئی خاص کا ر کردگی نہیں ہے نہ حکومت کوئی پروگرام دے سکی اور نہ ہی عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کی سنجیدہ کوشش کی ہے ۔

ہم نے اپنے دورِ حکومت میں ترقیاتی منصوبوں کا جو تیز رفتار سلسلہ جہاں چھوڑ کر آئے تھے یہ سلسلہ وہاں سے آگے نہیں بڑھ سکا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ موجودہ حکومت میں حقِ حکمرانی کی کوئی بھی صلاحیت موجود نہیں ہے ۔

نہ یہ حکومت ملک کو ترقی دے سکی اور نہ ہی عوام کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی ہے ۔ بڑھتی ہوئی بے تحاشامہنگائی بے روزگاری اور غربت سے عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں ۔یہ قوم کی قسمت میں تھی کہ اس ناتجربہ کار حکومت سے ان کا واسطہ پڑا اور انہوںنے موجودہ حکمرانوں کی عوام دوستی اور عوام دشمنی کا پیمانہ بھی محض ڈیڈھ سال کی مدت میں ملاحظہ کیا ۔

کس حد تک یہ حکومت قوم کے لئے اپنے دل میں درد رکھتی ہے ۔ وزراء کی تبدیلی اور تجربے کے او پر تجربہ کرنے کے باوجود نہ ملکی معیشت کو سدھار سکے اور نہ ہی قوم کے لئے آسانیاں مہیاکرنے کی منصوبہ بندی کرسکے ۔ ہر آنے والا دن قوم کے لئے غربت اور کرب کی صورتحال لیکر آتی ہے ۔انہوںنے پہلے نوے دن کی مہلت مانگی ، اس کے بعد ترتیب وار مہلت حاصل کرتے گئے اب انہیں دو سال مکمل ہونے کو ہے تاہم مہنگائی ، بے روزگاری اور غربت کے حوالے سے صورتحال معمول پر آنے کی بجائے آئے روز بگڑتی جارہی ہے ۔

یقینا قوم نے گزشتہ مسلم لیگ (ن) کے ادوار کو بھی دیکھا جب ملک میں بجلی کا بحران ، امن کی مخدوش صورتحال اور بہت سارے چیلنجز حکومت کو درپیش تھیں تاہم مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ان تمام چیلنجز کو قبول کرکے ملک کو پانچ سال کے جس ہموار راستے پر لیکر آیا مہنگائی کو کم ، بے روزگاری کو دور کرنے کی کوشش کی گئی ، قیام ِ امن کو ممکن بنایا گیا مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ناممکن کو ممکن بنایا یہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی تجربہ کاری ، باصلاحیت اور حکومت چلانے کی بین ثبوت ہے ۔

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ بلوچستان حکومت کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے یہ ہم نہیں کہہ رہے ہیںبلکہ بلوچستان کے طول و عرض سے عوام کی صدائیں صوبائی حکومت کے خلاف بلند ہورہی ہیں اور اس کا اظہار انہوںنے بلوچستان کی حکومت کی کار کردگی پر ہونے والی حالیہ رائے شماری میںنوے فیصد سے زائد اکثریت کے ساتھ اپنی رائے کا اظہار دیکر ثابت کردیا ۔

موجودہ حکومت عوام کی فلاح اور صوبے کی ترقی میں ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھ سکی نہ تعلیم و صحت پر توجہ دی گئی اور نہ ہی عوام کی بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے منصوبہ بندی کی گئی زبانی جمع خرچ کے علاوہ صوبائی حکومت کی کوئی خاص کار کرد گی دکھائی نہیں دے رہی ہے ۔اس کی بنسبت ہماری حکومت کا مختصر مدت ملاحظہ کریں توسب کچھ روزِ روشن کی طرح عیاں ہوجائیگا ہم نے پورے صوبے کوبرابری کی بنیاد پر ترقی دی عوام کے فلاح وبہبود کے لئے کام کیا اور تمام اضلاع میں عوام کے لئے منصوبوں کا جال بچھا دیا ۔

آج بھی تمام اضلا ع کا جائزہ لیا جائے تووہاں ہمارے دور کے منصوبے نظر آئیں گے ۔سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ قوم بھروسہ رکھیں مسلم لیگ (ن) عوام کو ان بحران اور مسائل سے نکالنے کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائے گی ملکی معیشت کو استحکام اور مہنگائی و بے روزگاری کو کم کرنے کی کوشش کریگی ۔ملک و قوم کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کے لئے صرف اور صرف مسلم لیگ (ن) ہی حکمت عملی مرتب کرسکتی ہے اور وطن عزیز کو پوری دنیاء میں کامیاب مملکت کے طور پر متعارف کراسکتی ہے۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں