ڈپٹی کمشنر خضدار طفیل بلوچ کے حق میںخضدار کے شہریوں نے ریفرنڈم کا سماں پیدا کردیا

تعریفی کلمات ،بھر پور پذیرائی اور دادِ تحسین جیسے الفاظات سے ڈپٹی کمشنر خضدار طفیل بلوچ کو نوازا گیا ، لینڈ مافیا کے خلاف کاروائیوں کو مزید تیزتر کرنے کا مطالبہ

پیر 1 جون 2020 16:45

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2020ء) ڈپٹی کمشنر خضدار طفیل بلوچ کے حق میںخضدار کے شہریوں نے ریفرنڈم کا سماں پیدا کردیا ، تعریفی کلمات ،بھر پور پذیرائی اور دادِ تحسین جیسے الفاظات سے ڈپٹی کمشنر خضدار طفیل بلوچ کو نوازا گیا ، لینڈ مافیا کے خلاف کاروائیوں کو مزید تیزتر کرنے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق خضدار میں آل پارٹیز کی جانب سے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر خضدار کے خلاف میٹنگ اور بعد ازاں پریس کانفرنس کرنے کے بعد خضدار کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی کثیر تعدادنے آل پارٹیز کو آڑے ہاتھوںلے لیا، ان کی میٹنگ اور پریس کانفرنس پر تنقیدکے بھر پور نشتر چلائے،سوالات کی بوچھاڑ کردی ۔

خضدار کے شہریوں کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کا کئی سالوں کے بعد اچانک حرکت میں آنا اور یوں ایک دم سے بیدار ہونا شکوک و شبہات کو جنم دے رہاہے،کیا آل پارٹیز خضدار میں سرمائیہ دار اور لینڈ مافیا کو تحفظ دے رہی اور ان کی سرپرستی کررہی ہے، آل پارٹیز ماضی میں مظلوم لوگوں کے حق میں آواز بلند کرنے سے کیوں کتراتی رہی ، ایک بلوچ آفیسر کے خلاف بلاوجہ مہم جوئی چہ معنی دارد ایسے بہت سارے سوالات تھے جو شہریوں نے پوچھے اور تنقید کیئے۔

(جاری ہے)

۔خضدار کے سابق بلدیاتی نمائندہ سیاسی و سماجی رہنماء عبدالصمد کرد نے طنزیہ انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی نے کیونکر پریس کانفرنس کی۔ کیا میں آل پارٹیز کو مبارک باد دوں یا ڈپٹی کمشنر خضدار کو مبارک باد دوں ، ان کا کہنا تھاکہ اس سے قبل جتنے ڈپٹی کمشنر زآئے تو شہری ایکشن کے ممبران خضدار سے کئی کلومیٹر دور چککو جاکر ان کو ہار پہنایا اور استقبال کیا یہ شہری ایکشن کمیٹی والے اس سے پہلے ڈپٹی کمشنر ز کے بغیر کھانا نہیں کھاتے تھے ،انہوںنے ڈپٹی کمشنر خضدار طفیل بلوچ سے اپیل کی کہ آپ اپنے موقف پر قائم رہنا خضدار کے شہری آپ کے ساتھ ہیں ، تحریک انصاف ضلع خضدار کے صدر رئیس عبدالرحمان کرد ، سینئر نائب صدرحاجی عبدالرسول قلندرانی نے ڈپٹی خضدار ڈاکٹر طفیل بلوچ کی کار کردگی کو سراہتے ہوئے ان کی خضدار میں تعیناتی کوخوش آئندہ قرار دیدیا ، ان کا کہنا تھاکہ چور، ڈکیت ، منشیات فروش اور لینڈ مافیا کی سرگرمیوں میں کافی کمی آئی ہے ، بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنمائوں ٹکری بشیراحمد جتک ، نذیراحمد نتھوانی نے آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے بیان کی مذمت اور ان کے الفاظ سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ۔

خضدار تاجر ایکشن کمیٹی کے صدر منیراحمد قمبرانی نے طفیل بلوچ کے بارے میں بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ طفیل بلوچ نڈر ایماندار غریب پرست انسان ہے جس دن سے وہ خضدار میں ڈپٹی کمشنر تعینات ہوئے ہیں اسی روزِ اوّل سے خضدار میں امن و امان قائم ہواہے ، چوری ڈکیتی میں کمی آئی ہے اورتاجر برادری کے ساتھ ان کا مخلصانہ رویہ کافی اچھا ہے ۔اس کے علاوہ درجن بھر شہریوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور آل پارٹیزشہری ایکشن کمیٹی کی پریس کانفرنس پر تنقید کی ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں