عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ ہمیشہ اپنی اقدامات میں لگی رہتی ہے ،میجر(ر) بشیر احمدبڑیچ

کہیں بھی کسی بھی محکمہ یا شعبے میں عوام کی پریشانیوں اور تکالیف کو مد نظر رکھ کر انتظامیہ وہاں اپنا کردار ادا کرنے میں پیش پیش رہتی ہے

بدھ 8 ستمبر 2021 21:50

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2021ء) ڈپٹی کمشنر خضدار میجر(ر) بشیر احمدبڑیچ اور آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے اراکین کے درمیان شہری مسائل پرمشترکہ ایک اہم میٹنگ ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی۔ آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کی قیادت چیئرمین عبدالحمید بلوچ کررہے تھے جب کہ اجلاس میں جنرل سیکریٹری آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی بشیر احمد جتک مولانا عنایت اللہ رودینی سجاد زیب حاجی محمداقبال بلوچ مولانا محمد اسحاق شاہوانی بشیراحمد حلیمی ارباب بزگرنائب محمد ہاشم نورالدین چھٹہ ڈاکٹر عمران میروانی عبدالوہواب غلامانی اور متعلقہ محکموں کے آفیسرز بھی موجود تھے۔

اجلاس میں واپڈا، میونسپل کارپوریشن اور پی ایچ ای محکموں سے متعلق عوام کو درپیش مسائل زیر غور آئے۔

(جاری ہے)

آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کی جانب سے درج بالا تین ایشوز پر ڈپٹی کمشنر خضدار کی توجہ مرکوز اور انہیں حل کرنے و شہریوں کو ریلیف دینے پر بات چیت کی گئی اس اجلاس میں متعلقہ محکموں کے سربراہ آفیسرز بھی موجود تھے۔ آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم وولٹیج ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے شہریوں کے مشکلات اور شہری نظام صفائی کی صورتحال اور پارکنگ کے حوالے سے مسائل بیان کیئے گئے اور انہیں حل کرنے پر زور دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ بشیراحمد بڑیچ کا کہنا تھا واپڈا عام صارفین اور زرعی صارفین کو بجلی فراہمی کے لئے خصوصی اقدامات کرے اور بجلی فراہمی کا ٹائم ٹیبل متعین کردیا جائے اس دوران لوڈشیڈنگ بالکل نہ ہو اور جہاں کہیں بل نہیں دیئے جارہے یا غیرقانونی ٹیوب ویل کنکشنز لگائے گئے ہیں وہاں واپڈا ضرور کاروائی کرے۔ پی ایچ ای عوام کو منصفانہ اندوز میں پانی کی فراہمی کے لئے خصوصی اقدامات کرے اور پورے شہر میں عوام کو پانی فراہمی میں کوتاہی نہ برتی جائے۔

میونسپل کارپوریشن خضدار کے آفیسرز بھی اجلاس میں موجود تھے انہیں شہر میں صفائی ستھرائی کی بہتری اور شہر میں گاڑیوں کی پارکنگ کے موثر نظام قائم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ بشیراحمد بڑیچ کا کہنا تھا کہ عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ ہمیشہ اپنی اقدامات میں لگی رہتی ہے کہیں بھی کسی بھی محکمہ یا شعبے میں عوام کی پریشانیوں اور تکالیف کو مد نظر رکھ کر انتظامیہ وہاں اپنا کردار ادا کرنے میں پیش پیش رہتی ہے آج آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی نے جن محکموں سے متعلق شہری مسائل کو اجاگر کیا ہے انہیں حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔

اجلاس میں آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین و دیگر عہدیداروں اور پارٹیز نمائندوںنے اس اطمینان کا اظہار کیا کہ اگر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جات کے آفیسرز اسی طرح مل بیٹھ کر شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے مشترکہ کوششیں عمل میں لائیں تو مسائل ومشکلات میں ضرور کمی واقعہ ہوگی۔۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں