نوجوان نسل میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے ،جمعداد خان مندوخیل

بدھ 14 جون 2017 17:03

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2017ء)اسسٹنٹ کمشنرخضدار جمعداد خان مندوخیل نے کہاہے کہ نوجوان نسل میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ محنت و لگن کے ساتھ پڑھنے سے طلباء کامیابی کے اعلیٰ رتبے تک پہنچ سکتے ہیں ۔ سن رائزماڈل اسکول و کالج خضدارکے طالب علم دائود کرد اور ایف سی پبلک اسکول خضدار کے طالب علم وہاب اللہ کی جانب سے میٹر ک کے امتحان میں نوسو سے زائد نمبر لیکر پورے ڈسٹرکٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلینا باعث فخر ہے جس پر ہم انہیں اور ان کے اساتذہ و والدین کو مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے دائود کرد اور وہاب اللہ کو اچھے مارکس لینے پر نقد انعام دینے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سن رائز کالج خضدار کے پرنسپل خلیل احمد بلوچ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر خضدار جمعداد خان مندوخیل نے کہاکہ جن تعلیمی اداروں کے طلباء نے اچھے مارکس لیئے ہیں ان اداروں کے اساتذہ اور منتظمین مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انہوںنے ایسے باصلاحیت طلباء تیار کیئے ہیں جو اچھے نمبروں کے ساتھ پاس ہورہے ہیں انہوںنے کہاکہ سن رائز ماڈل اسکول و کالج کے طالب علم دائود کرداور ایف سی پبلک اسکول کے طالب علم وہاب اللہ آئندہ بھی اسی طرح محنت کرتے ہوئے دوسرے مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے اپنے تعلیمی ادارہ اور پورے ضلع کا نام روشن کرنے میں کامیاب ہونگے ۔

ضلع کے باقی طلباء بھی مذید محنت کرکے اسی طرح کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں