میونسپل کارپوریشن خضدار کا اجلاس ،بولان مائننگ انٹر پرائزز خضدار کی عوام کے ساتھ ناانصافی ،شہری مسائل پر بحث

بولان مائننگ انٹر پرائزز خضدار شہر سے بے تحاشا معدنیات نکال کر کروڑ وں روپے کمارہی ہے ،مفتی عبدالقادر شاہوانی خضدار شہر اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اس نے آج تک کچھ بھی نہیں کیا ہے،مسائل کے حل کے لئے خصوصی اقدامات کرنے ہونگے ،شرکاء کا مطالبہ

بدھ 13 ستمبر 2017 20:44

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء)میونسپل کارپوریشن خضدار کا اجلاس ،بولان مائننگ انٹر پرائزز خضدار کی عوام کے ساتھ ناانصافی ،شہری مسائل پر بحث کرتے ہوئے ممبران نے کہا کہ بولان مائننگ انٹر پرائزز خضدار شہر سے بے تحاشا معدنیات نکال کر کروڑ وں روپے کمارہی ہے تاہم خضدار شہر اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اس نے آج تک کچھ بھی نہیں کیا ہے بی ایم ای میں افسر شاہی ہے ۔

اس کمپنی میں معمولی سا ملازم کروڑ وں روپے کا ملک بن جاتا ہے لیکن غریب شہریوں کو اس صنعت نے آج تک کچھ بھی نہیں دیا۔اس حوالے سے میونسپل کارپوریشن کو خاص حکمت عملی مرتب کرکے بی ایم ای کے خلاف واضح فیصلہ دینا ہوگا۔تاکہ اس کے ثمرات شہریوں کو مل سکیں ،اوربی ایم ای کی ہمیشہ کی ناانصافی کا خاتمہ ہو۔

(جاری ہے)

اس سے قبل میونسپل کارپوریشن خضدار اسمبلی کا اجلاس زیر صدارت اسپیکر وڈپٹی چیئرمین خضدار مفتی عبدالقادر شاہوانی منعقد ہوا۔

اجلاس میں میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد بھی شریک تھے ۔اجلا س کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوئی۔ اجلاس میں میونسپل کارپوریشن کے ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اجلاس میں اراکین نے شہرکے مسائل ، فنڈز کی منصفانہ تقسیم اور میونسپل کارپوریشن کو ان کو مقاصد کے مطابق چلانے کے بارے میں سیر حاصل بحث کی ۔اجلا س سے میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد ،مسلم لیگ (ن) کے رہنماء میر عبدالرحمن زہری ، رئیس جاوید سوز،نیشنل پارٹی خضدار کے صدر رئیس بشیراحمد مینگل عبیداللہ گنگو عبدالسلام، اپوزیشن رہنماء ڈاکٹر محمد بخش مینگل،بی این پی عوامی کے رہنماء عبدالصمد کرد، جے یوآئی کے رہنماء مولانا عبدالرحیم حافظ حمیداللہ مینگل،چیف یاسر بلوچ ودیگر ممبران نے خطاب کیا۔

میونسپل کارپوریشن خضدارکے رکن رئیس جاوید سوز مینگل اور رئیس بشیراحمد مینگل نے کہاکہ خضدار میں بولان مائننگ مست ہاتھی بن چکی ہے جس سے آج تک عوام کوکوئی فائدہ نہیں مل رہاہے ۔ہم باہر سے بھیک تو مانگ لیتے ہیں لیکن بی ایم ای کی صورت میں وسائل پیدا کرنے والا ایک صنعت ہمارے پاس موجود ہے اس کو ہم کچھ بھی نہیں کہہ رہے ہیں ہمارے سامنے ہے کہ بی ایم ای میںکام کرنے والا معمولی چپراسی بھی مالدار بن چکے ہیں تاہم خضدار کے شہریوں کو اس صنعت سے کوئی بھی فائدہ نہیں مل رہاہے ۔

بی ایم ای میں بیٹھے آفیسر شاہی خضداراور فیروز آباد کے عوام کو تیسرے درجے کی شہری سمجھتے ہیں اور ہمیں آج تک کچھ بھی ملا ہے ۔ لڈاینڈزنک کی صورت میں اب ایک قیمتی پتھر بھی نکل رہی ہے یہ نیو معدنیات اب اور زیادہ پیسے لائیگی تاہم عوام کا حال ویسا ہی رہیگا اور اس سے عوام کو کوئی بھی فائدہ نہیں ملیگا ۔ہمیں بی ایم ای کے اس متعصبانہ رویہ کے خلاف واضح ایکشن لینا ہوگا ورنہ یہ ادارہ اسی طرح ہمارا استحصال کرتا رہیگا اس پر پورامیونسپل کارپوریشن متحد اور متفق ہے ۔

ڈاکٹر محمد بخش ،عبدالصمد کرد ، چیف یاسر بلوچ ودیگر نے کہاکہ خواتین کو فنڈز ملنا چاہئے اور میونسپل کارپوریشن بنا کب سے ہے لیکن اب تک اس کے فوائد اور مقاصد سے خضدار کے لوگ ناآشنا ہیں اور شہر کو اس کے فوائد نہیں مل رہے ہیں صفائی کا نظام درہم برہم ہے ۔ تعمیرات معیاری انداز میں مکمل نہیں ہورہے ہیں ۔اس حوالے سے میئر خضدار کو اپنی حیثیت اور اپنے کام کو سمجھنا ہوگا اور مسائل کے حل کے لئے خصوصی اقدامات کرنے ہونگے ۔

میئر خضدار میرعبدالرحیم کرد نے کہاکہ میرے لئے تمام ممبران قابل احترام ہیں اور میری کوشش رہی ہے کہ پورے ہائوس کو ساتھ لیکر چلوں اس کے لئے بلا تفریق اتحادی اور اپوزیشن تمام ممبران کے رائے کی ہم نے احترام کیا ہے ۔ آئندہ بھی میری کوشش ہوگی کہ ممبران کی مشاورت سے معاملات طے پائے جائیں اور ان کے مسائل حل ہوں خضدار شہر کی خوبصورتی ہم سب کی ذمہ داری ہے اور ہم سب کو ملکر شہر کو خوبصورت بنانا اور اس کے مسائل حل کرنا ہے ۔

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اورموجودہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کے دور میں خضدار کو خصوصی پیکج دیا گیا جس سے نہ صرف کونسلران کے وارڈز میں کام ہورہاہے بلکہ شہر کی سڑکیں بھی پختہ بنائی گئی ہے اور ان کے مسائل حل کیئے جارہے ہیں ۔ہم سب ایک دوسرے کے رفیق ہیں اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے اور مشترکہ طور پر مسائل کو حل کرنا چاہئے ۔ ۔۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں