دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی کیلئے بڑے پیمانے پر وسائل بروئے کار لارہے ہیں ،ڈپٹی کمشنر خضدار حاجی سہیل الرحمن بلوچ

بدھ 27 ستمبر 2017 22:00

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر خضدار حاجی سہیل الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی کے لئے بڑے پیمانے پر وسائل بروئے کار لارہے ہیں ، بلوچستان کا علاقہ گاج کلاچی شہر سے کافی دور ہے جہاں فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا ہے ، جب کہ وہاں علاج کے لئے مستقبل میں مستقل بنیادوں پر ہیلتھ یونٹ بھی قائم کیا جارہاہے ، یہاں کے عوام الناس کو لوکل اور قومی شناختی کارڈ کی سہولت بھی دی گئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گاج کلاچی کے دورے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر انہوںنے وہاں اسکولز، فری میڈیکل کیمپ کا معائنہ کیا، عوام سے گھل مل گئے ۔اس سے قبل ڈپٹی کمشنر خضدار دور افتادہ پہاڑی علاقہ گاج آئے ،ان کے ساتھ ڈی آفس کے دیگر آفیسرز اور عملہ بھی ساتھ تھا ۔

(جاری ہے)

وہاں کے لوگوں نے ڈپٹی کمشنر خضدار کو اپنے درمیان دیکھ کر کافی خوشی محسوس کی۔

ڈپٹی کمشنر خضدار حاجی سہیل الرحمن بلوچ نے کہاہے کہ عوام کی فلاح وبہبودکے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لار ہے ہیں انتظامیہ کی کوشش ہے کہ دور درا ز علاقوں کے عوام کے اعتماد کو بحال کرکے انہیں تمام زندگی بنیادی سہولیات دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے دیئے جائیں ۔ گاج کا علاقہ ہیڈ کوارٹر شہر سے کافی دور واقع ہے اس کے باوجود یہ علاقہ حکومت اور انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل نہیں ہے ۔

آج یہاں فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا ہے عوام کو علاج و معالجے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے اور مستقل یہاں علاج کا مرکز قائم کرکے عوام کو یہاں علاج کی سہولت دی جائیگی ۔میں نے آج یہاں گاج کلاچی کادورہ کیا اور آئندہ وقتاً فوقتاً یہاں کا دورہ کرتا رہوں گا اس حوالے سے یہاں کے لوگوں کے مسائل ہیڈ کوارٹر میں آسانی کے ساتھ حل کیئے جائیں گے ۔

مقامی آبادی نے ڈپٹی کمشنر خضدار حاجی سہیل الرحمن اور ان کے دیگر رفقاء کو اپنے درمیان پاکر کافی خوشی محسوس کی مقامی آبادی کا کہنا تھا کہ ہمارا علاقہ ہیڈکوارٹر خضدار سے کافی دور ہے تاہم آپ ہمارے پاس آئے ہیں اور یہاں ہمیں علاج و معالجے کی سہولت دے رہے ہیں جو کہ خوشی کا مقام ہے ۔آئندہ بھی امید ہے کہ آپ ہمارے پاس آتے رہیں گے ۔انہوںنے اپنے بنیادی مسائل بھی ڈپٹی کمشنر خضدار کے سامنے بیان کیا جنہیں ڈپٹی کمشنر خضدار نے حل کرنے کا وعدہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں