صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیئے ہر ممکن اقدامات کرہی ہے ، کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی

جمعہ 20 اکتوبر 2017 19:49

خضدار ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیئے ہر ممکن اقدامات کرہی ہے ،تعلیم ،صحت ،آبنوشی ،ذرائع مواصلات اولین درجیحات میں شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ کرخ کے موقع پر عوامی نمائندوں اور مختلف وفود سے بات چیت کے دوران کیا۔

اس موقع پر ممبر ڈسٹرکٹ کونسل خضدار میر جمعہ خان شکرانی ،حاجی میرغلام یاسین جتک ،نذیر احمد چھٹہ ، پرنسپل بلوچستان ریزیڈنشل کالج خضدار حاجی محمد عالم جتک ،غلام سرور موسیانی ،رئیس علی نواز جاموٹ ،سعید احمد موسیانی اور عبدالواحد موسیانی اسسٹنٹ ڈائرکٹر لوکل گورنمنٹ انجینئر عبدالواحد بلوچ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر قلات نے کہا کہ موجودہ حکومت پورے صوبے میں ترقی و خوشحالی کا تہیہ کر رکھا ہے اسی لیئے ضلع خضدار کے تمام علاقوں بشمول کرخ میں خطیر رقم کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل کے عوام ان اسکیموں کی ثمرات سے جلد مستفید ہوں گے۔

کمشنر قلات نے بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کے ہمراہ کرخ ہسپتال کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر اور طبی عملے سے ملاقات کی انہیں ہدایت دی کہ وہ عوام کو علاج و معالجے کی بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیئے ہر ممکن اقدامات کریں۔ علاوہ ازیں انہوں نے ایم 8 قومی شاہراہ پر ونگو کے مقام پر ستر لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا ٹراما سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔

میر جمعہ خان شکرانی نے کہا کہ اس ٹراما سینٹر کے قیام سے قومی شاہراہ پر کسی بھی قسم کی ٹریفک حادثے کی صورت میں ابتدائی طبی امداد دینے میں بڑی مدد ملے گی ۔انہوں نے کمشنر قلات سے درخواست کی کہ وہ یہاں طبی عملے اور ادویات سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیئے متعلقہ حکام سے بات کریں۔ بعد ازاں کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے کرخ ہائی اسکول میں علاقائی عمائدین اور تعلیم دوست شخصیات کی جانب سے قائم کردہ کرخ ایجوکیشن سینٹر کا بھی دورہ کیا۔

انہوں نے میر جمعہ خان شکرانی ،حاجی محمد عالم جتک اور ہائی اسکول کرخ کے ہیڈ ماسٹر حاجی علی نواز اور دیگر کی علم دوستی کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ جو افراد قوم قبیلوں کی بھنور سے نکل کر عاقائی مفاد کو ترجیح دیتے ہیں وہ بھی تعلیم کے شعبے میں وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرخ ہائی اسکول کو ہائر سیکنڈری اسکول کا درجہ دینے کے لیئے آج ہی میں نے سیکریٹری ایجوکیشن سے بات کی ہے جنہوں فوری طور پر نوٹیفیکیشن جاری کرنے اور اسکول میں باقائدہ کلاسوں کے اجراء کا کیاہے مجھے امید ہے کہ ہائر سیکنڈری کلاسوں کا باقائدہ آغاز ہونے سے تعلیم کے شعبے میں مزید بہتری آئیگی۔

انہوں نے کہا کہ کرخ کا علاقہ ایک خوبصورت اور زرخیز علاقہ ہے اس کی اہمیت اب پہلے سے کہیں اس لئے اہم ہے کہ یہ علاقہ سی پیک جیسی انٹر نیشنل روٹ پر قائم ہے ۔میر جمعہ خان شکرانی ،حاجی محمد عالم جتک نے کمشنر قلات ڈویژن کی جانب سے کرخ کا دورہ کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ،تعلیمی اور صحت کے مراکز کا دورہ اور دیگر مسائل حل کرنے میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی علاقائی مسائل حل کرنے میں دلچسپی لیں گے ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں