انتخابات میں کامیاب ہوکر عوام کی عزت نفس کا تحفظ کریں گے ،میر اسرار اللہ زہری

پیر 23 جولائی 2018 22:20

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے قائد و بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 38و پی بی 39 پر پارٹی کے نامزد امیدوار میر اسرار اللہ زہری نے کہا ہے کہ بنیادی سہولتوں کا فقدان اپنی جگہ بلوچستان میں آج لوگوں کی عزت نفس محفوظ نہیں۔ انتخابات میں کامیاب ہوکر نہ صرف عوام کی عزت نفس کا تحفظ کریں گے بلکہ روزگار سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیئے انقلابی اقدامات کریں گے۔

عوام پچیس جولائی کو سوچ سمجھ کر اور آئندہ پانچ سال کی ممکنہ پریشانیوں کو مد نظر کھ کراپنے ووٹ کے حق کا استعمال کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان نیشنل موومنٹ (حی) کی حمایت کے موقع پر منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں بی این ایم کے رہنمائوں علی احمد بلوچ، پی بی 38 کے امیدوارانجینئرطارق اکرم باجوئی نے سینکڑوں افراد کے ہمراہ میر اسررااللہ زہری سے ملاقات کرکے پی بی38 زہری اور پی بی39 خضدار پر بی این پی عوامی کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیا۔

میر اسرار اللہ زہری نے کہا کہ بلوچ اب بھی نیم قبائلی معاشرے میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ایک طرف تعلیم ،صحت،آبنوشی اور بے روزگاری کے مسائل ہیں تو دوسری طرف لوگوں کی عزت نفس بھی محفوظ نہیں۔بی این پی عوامی کو عوام کی عزت نفس دیگر تمام چیزوں سے بڑھ کر عزیز ہے۔اگر انتخابات میں کامیابی حاصل ہوئی تو سب سے پہلے غریب عوام کی عزت نفس کی تحفظ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں غریب عوام کو ہر سطح پر نظر انداز کیا گیا کس کی وجہ سے لوگ سیاسی اور انتخابی عمل سے مایوسی کا شکار نظر آتے ہیں لیکن ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ بی این پی عوامی کی کامیابی سے ان کی مایوسی خوشی اور خوشحالی میں تبدیل ہو گی۔انہوں نے بی این ایم کی غیر مشروط حمایت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نظریاتی کارکن یکجا ہوکر ہی بلوچستان کے پر آشوب دور میں عوام کی صحیح نمائندگی کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی ماحول کو پروان چڑھانے کے لیئے تمام سیاسی و نظریاتی کارکنوں کواشتراک عمل کے ذریعے آگے بڑھنا چاہیئے۔اس موقع پر حاجی شفیع بارانزئی،میر عبدالکریم باجوئی،سردار زادہ علی احمد باجوئی،شبیر احمد کھیازئی سمیت سینکڑوں افراد موجود تھے۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں