بلوچستان میں کینسر مرض کا بڑھنا حساس نوعیت کا معاملہ ہے

ہماری کوشش ہے بلوچستان کے عوام کیپرزور مطالبے پر عملدرآمد کرنے کی کوشش کریں، رکن صوبائی اسمبلی میر یونس عزیز زہری

منگل 18 ستمبر 2018 21:24

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے کہاہے کہ بلوچستان میں کینسر مرض کا بڑھنا حساس نوعیت کا معاملہ ہے ،ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کے عوام کیپرزور مطالبے پر عملدرآمد کرنے کی کوشش کریں، پہلے مرحلے میں ابتدائی طورپر بولان میڈیکل کمپلیکس میں انسدادکینسر یونٹ قائم کیا جارہاہے ، جس کے لئے 2ارب روپے مختص کردیا گیا ہے ، تاکہ مریضوں کافوری طور پر اپنے ہی علاقے میں علاج کو ممکن بنایا جاسکے ،اس کے بعد بڑے لیول کا کینسر ہسپتال صوبے میں بنانے کا پلان ہے ان خیالات کااظہار انہوںنے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

جے یوآئی کے مرکزی کونسل کے رکن و بلوچستان اسمبلی کے ممبر میر یونس عزیز زہری نے کہاکہ یقینا بلوچستان کا یہ مطالبہ حق بجانب ہے کہ صوبے میں ایک کینسر ہسپتال کا قیام عمل میں لایا جائے ،اور کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا مریضوں کا علاج اپنے ہی صوبے میں کرکے ان کی جان بچائی جاسکے، اس نیک مقصد کی تکمیل کے لئے ہم سب کوششوں میں لگے ہوئے ہیں کہ صوبے میں کینسر کے مریضوں کو علاج کے حوالے سے ریلیف دیں ،اور انشاء اللہ ہم اپنے ان کوششوں میں کامیاب بھی ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ پہلے مرحلے میں بولان میڈیکل کمپلیکس میں کینسر یونٹ کا قیام عمل میں لایا جارہاہے ، جس کے لئے 2ارب روپے مختص کر دیئے گئے ہیں ،صوبے کے عوام کو بہت جلد خوشخبری ملے گی ، میریونس عز یز زہری کا کہنا تھا کہ ہم عوام کے خادم ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ہر حد تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ، صوبے میں اجتماعی منصوبوں اور عوام کے بنیادی مسائل کا حل ہمارے پروگرام میں شامل ہیں ، دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کی بھر پور کوششیں کریں گے ، انہوںنے کہاکہ بلوچستان ایک غریب صوبہ ہے ، رقبے کے لحاظ سے بڑا صوبہ ہے جب کہ وسائل محدود اور کم ہیں اگر یہی وسائل کرپشن سے پاک ہوں اور عوام کا پیسہ عوام پر صحیح معنوں میں خرچ ہوں تو کوئی محال نہیں ہے کہ عوام کے بنیادی مسائل حل ہوجائیں۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں