اگلے بجٹ میں خضدار ضلع کو خصوصی پیکج دینے کی کوشش کریں گے ،آغا شکیل احمددرانی

خضدار سول ہسپتال میں عوام کو علاج و معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی کے لئے خصوصی اقدامات کیئے جائیں گے ، معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ بلوچستان

پیر 20 مئی 2019 18:05

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی آغا شکیل احمددرانی نے کہاہے کہ اگلے بجٹ میں خضدار ضلع کو خصوصی پیکج دینے کی کوشش کریں گے ، جس میں تعلیم ، صحت سمیت دیگر شعبوں کو ترقی شامل ہوگی ، ضلع میں تعلیمی اداروں کے قیام اور بی ایچ یوز میں اضافہ کیا جائیگا ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، بجلی کی صورت میں روشنی فراہم کرنے ، مواصلات کے نظام کی درستگی ، بے روزگاری میں کمی لانے سمیت عوام کو دیگر شعبوں میں بھی ترقی دینے کے منصوبے بنائے جائیں گے ، عوام سے کیئے گئے وعدے بتدریج پوری کرکے ان کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کی جائیگی ان خیالات کا اظہار انہوںنے میڈیا نمائندگا ن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ خضدار سول ہسپتال میں عوام کو علاج و معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی کے لئے خصوصی اقدامات کیئے جائیں گے ،ماضی میں بھی ہسپتال کی تعمیر و ترقی اور عوام کو سہولیات کی دستیابی کے لئے کام کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی اس پر کام کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آئندہ بجٹ میں عوام کے بنیادی مسائل کا احاطہ کرنے کی کوشش کی جائیگی ، پیسے اس منصفانہ انداز میں خرچ کیئے جائیں گے کہ جس میں شہری اور دیہی علاقوں کے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے ، وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنے حالیہ دورہ خضدار کے موقع پرخضدار کے جن علاقوں میں بجلی کی سہولیات کی فراہمی کے لئے جن منصوبوں کا اعلان کیا تھا ان پر بھی عملدرآمد ہوگا ۔

انہوںنے کہاکہ ہمارا مشن ہے عوام کی خدمت کرنا اور عوام کے مسائل کو کم کرنا اور عوام کو خوشحالی دینا جس پر بغیر کسی تعطل کے کام جاری رہیگا اور عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کی کوشش کی جائیگی ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ قومی انتخابات میں خضدار کے عوام نے ہمیں جس طرح کی پذیرائی دی اس کو بھول نہیں پائے ہیں آئندہ بھی بلدیاتی الیکشن میں بھی ایک نئے عزم وجذبے کے تحت جائیں گے اور عوام کے ووٹ کی بھر پورانداز میں پاسداری کی جائیگی ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں