برسات کے باعث خضدار کے علاقہ آڑینجی کا راستہ پانچ روز سے منقطع ،کم و بیش 60ہزار آبادی والے علاقے کا زمینی رابطہ ملک کے دیگر حصوں سے کٹ کر رہ گیا

منگل 21 مئی 2019 23:31

خضدار۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) برسات کے باعث خضدار کے علاقہ آڑینجی کا راستہ پانچ روز سے منقطع ،کم و بیش 60ہزار آبادی والے علاقے کا زمینی رابطہ ملک کے دیگر حصوں سے کٹ کر رہ گیا، مریضوں کوہسپتال پہنچانے میں دقت کا سامنا ، کئی گھرانوں کا راشن ختم ، علاقہ لوگوں نے آڑینجی روڈ کی فوری بحالی کا مطالبہ کردیا، تفصیلات کے مطابق ضلع خضدار کی تحصیل وڈھ کے علاقہ آڑینجی کا زمینی رابطہ ملک کے دیگر حصوں سے گزشتہ پانچ روز سے منقطع ہے ، وہاں کے لوگ نہ اپنے لئے راشن خریدنے وڈھ ، بیلہ ، خضدار جاسکتے ہیں اور نہ ہی ایمرجنسی کی صورت میں اپنے مریضوں کو ہسپتال پہنچا سکتے ہیں،آڑینجی کے رہائشی حافظ منصور مینگل نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بارش کے سیلابی پانی کی وجہ سے تحصیل آڑینجی کا زمینی راستہ وڈھ ، بیلہ خضدار کنراج کراچی سے منقطع ہو کر رہ گیا ہے، چونکہ آڑینجی کا راستہ کچا ہے بارش کے پانی نے ان راستوں کو ختم کردیا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ پانچ روز سے لوگ آڑینجی میں موجود ہیں نہ وہ راشن خریدنے شہر جا سکتے ہیں نہ اپنے مریضوں کو علاج کے لئے شہر لے جا سکتے ہیں اور نہ ہی اپنے مال مویشی بھیڑ بکریوں کا سودیٰ کرنے شہر جا سکتے ہیں، علاقے کی صورتحال ناگفتہ بہ ہے اس سلسلے میں صوبائی حکومت ، خضدار کے رکن قومی اسمبلی اور ایم پی اے وڈھ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے آڑینجی کا زمینی راستہ بحال کردیں تاکہ لوگوں کے لئے آسانیاں ہوں اور وہ زندگی کی ضروریات کے لئے بڑے شہروں تک جاسکیں ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں