معیار و میرٹ کا بول بالا کرنا اور عوامی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنا انتہائی اہم فرائض میں شامل ہے،کمشنر قلات

بدھ 19 جون 2019 18:06

خضدار۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) کمشنر قلات ڈویژن حافظ طاہر نے کہاہے کہ پیشہ ورانہ مہارت کو عمل میں لاتے ہوئے معیار و میرٹ کا بول بالا کرنا اور عوامی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنا انتہائی اہم فرائض میں شامل ہے ، محکمہ جات کے سربراہان جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات عمل میں لائیں ، تاکہ اسکیمات بروقت مکمل ہوں ان سے عوام کو سہولیات ملے اور ان کے لئے آسانیاں پیدا ہوں ،ان خیالات کااظہارا نہوںنے خضدار شہر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے معائنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

کمشنر قلات ڈویژن حافظ طاہر نے سول کالونی میں بننے والے فیملی پارک ، سیوریج سسٹم سمیت دیگر منصوبوں کا معائنہ کیا ، اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر محکمہ مواصلات ٹو محمد رحیم بنگلزئی ،محکمہ مواصلات ایگزیکٹوانجینئرمحمد فاروق مینگل ، ایگزیکٹو انجینئر اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ قلات ڈویژن ملک ثناء اللہ دھوار ، ایکسیئن پی ایچ ای محمد عمران قمبرانی ، اور انجینئر ہدایت اللہ زہری بھی ان کے ہمراہ تھے ، اس سے قبل کمشنر قلات ڈویژن حافظ محمد طاہر نے خضدار پریس کلب میں جاری منصوبوں کا معائنہ کیا جہاں انجینئر ہدایت اللہ زہری نے بریفنگ دی ، خضدار پریس کلب کے صدر عبداللہ شاہوانی ، ممبران محمد ایوب بلوچ ، میر علی شیر ناز براہوئی ، منیراحمد زہری بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

کمشنر قلات ڈویژن حافظ طاہر نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے آفیسرز کوعوام کی خدمت کے لئے چنا ہے ان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کریں اور منصوبہ جات اسکیمات کی نگرانی کرکے ان کی معیاری اور میرٹ کے مطابق مکمل ہونے کے لئے اپنے فرائض سرانجام دیں ، انہوںنے کہاکہ خضدارکا شمار صوبے کے بڑے شہروں میں ہوتا ہے جہاں وقت کے ساتھ منصوبہ بندی کی ضرورت ہے اور سڑکوں کی کشادگی ، سیوریج سسٹم کی بہتری ، چوک و چوراہوں کی خوبصورتی ، پارک کی تعمیر سمیت دیگر منصوبوں پر کام ہورہاہے اور مستقبل و قریب میں پلاننگ میں شامل ہے ، خضدار میں پرانے پارک کی تزئین وآرائش اور اس کے سبزارہ کی خوبصورتی فواروں کی تنصیب نئے اضافے ہیں جس سے عوام کو فارغ وقت میں اس تفریحی مقام پر آنے اور وقت گزار نے کا موقع میسر آسکے گا ۔

کمشنر قلات ڈویژن نے خضدار پریس کلب میں ترقیاتی منصوبوں کے معائنے کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صحافیوں کا عوامی ترجمانی اور عوام کے مسائل اجاگر کرنے میں اہم کردار رہا ہے اور وہ کماحقہ عوامی مسائل حکامِ بالا تک پہنچانے میں اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ ادا کررہے ہیںحکومت اور عوام ، انتظامیہ اور عوام کے درمیان رابطے کا کردار اد اکرتے ہوئے لوگوں کی مدعاصحیح معنوں میںحکومت تک پہنچانے کی ذمہ داری نبہارہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیںتاہم دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کے مسائل کا احاطہ کرنے کے لئے حکومت اقدامات اٹھار ہی ہے اوران عوامی مسائل و مشکلات کو حکومت تک پہنچانے میں صحافیوں کا کردار حوصلہ افزا ہے آئندہ بھی صحافی برادری سے یہی توقعات وابستہ ہونگے کہ وہ عوامی مسائل اجاگر کرنے میں اپنی توانائیاں صرف کرتے ہوئے صحیح انداز میں مسائل کا ادراک کرکے انتظامیہ کو باخبر کرتے رہیں گے ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں