خضدار،کمشنر قلات ڈویژن کا تحصیل زہری میں ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ

جمعرات 10 اکتوبر 2019 17:16

خضدار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2019ء) کمشنر قلات ڈویژن حافظ طاہر نے سپرنٹنڈٹ انجینیئر بی اینڈ آر ( روڈ ) فیض محسن بلوچ ایس ای، تعمیرات و مواصلات (بلڈنگ) شفیع محمد مینگل اے ڈی پی اینڈ ڈی محمد صادق نوتانی و دیگر متعلقہ آفیسران کے ہمراہ تحصیل زہری میں ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا اور بریفنگ لی۔ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد عامہ کے اسکیموں میں سست روی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی آفیسران ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکیموں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچائے تاکہ عوام کو ان سے استفادہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ روز گارکے مواقع بھی میسر ہوں وزیر اعلیٰ و چیف سیکرٹری بلوچستان کے خصوصی ہدایت پر قلات ڈویژن میں مختلف اسکیموں کا معائنہ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع خضدار کے تحصیل زہری میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے معائنہ کے دوران کیا۔اس موقع پر ایکسیئن بی اینڈآر میرو خان و اسسٹنٹ انجینئر لوکل گورنمنٹ عبدالواحد بلوچ نے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر ایس ڈی او بی اینڈ آر عطاء اللہ زہری سپرنٹنڈنٹ ترقیات کمشنر آفس عبدالحفیظ جتک سب انجینیئر نیاز احمد زہری اسسٹنٹ انجینیئر لوکل گورنمنٹ محمد کاشف سمیت علاقہ کے عمائدین بڑی تعداد میں موجود تھے۔

کمشنرقلات ڈویژن حافظ طاہر نے کہا کہ علاقہ کہ قبائلی عمائدین اور عوام ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کریں کیونکہ ترقیاتی منصوبے عوام پر احسان نہیں بلکہ ان کے دیے گئے ٹیکسوں سے بنتی ہیں،ان ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کریں اورجہاں کہی بھی ان کو بے قائدگی نظر آئے تو وہ مجھ سے براہ راست رابطہ رکھیں میرے دفتر اور گھر کے دروازے عوام کے لئے 24گھنٹہ کھلے اور میں دستیاب ہوں عوام کے تعاون کے بغیر حکومت کچھ نہیں کرسکتی۔

کمشنر قلات ڈویژن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان و چیف سیکرٹری کے ہدایات کی روشنی میںایک ٹیم کے ہمراہ قلات ڈویژن کے مختلف اسکیموں کا معائنہ کررہاہوں تاکہ ایک مفصل رپورٹ مرتب کرکے حکومت کو پیش کروں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری آفیسران اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے ٹھیکداروں سے معیاری کام لیں ناقص تعمیراتی کاموں کو ہرگز قبول نہیں کیا جائیگا آفیسران اور متعلقہ ٹھیکداروں سے باز پرس کی جائیگی۔

دورہ زہری کے دوران کمشنر قلات ڈویژن سے زہری کے کرکٹ کھلاڑیوں کے وفد نے ملاقات کرکے زہری میں کرکٹ اسٹیڈیم میں غیرمعیاری مٹیٹریل استعمال کی نشاندہی کی جن کی نشاندہی پر کمشنر قلات ڈویژن نے کرکٹ اسٹیڈیم کیا معائنہ کیا اور انجینئرز کو سختی سے ہدایت کی کہ ایک مہینہ کے اندر اسٹیدیم کو معیار کے مطابق مکمل کریں بصورت دیگر ٹھیکدار کو بلیک لسٹ اور متعلقہ آفیسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں