تعلیمی معیار و میرٹ پر کوئی بھی سمجھوتہ قبول نہیں ہے ،میجر(ر) بشیراحمد

تعلیم ہوگی تو ہمارا ملک اور صوبہ ترقی کریگا قوم آگے بڑھے گی تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے ،ڈپٹی کمشنر خضدار

ہفتہ 25 ستمبر 2021 16:58

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) ڈپٹی کمشنر خضدارمیجر(ر) بشیراحمد نے کہاہے کہ تعلیمی معیار و میرٹ پر کوئی بھی سمجھوتہ قبول نہیں ہے تعلیم ہوگی تو ہمارا ملک اور صوبہ ترقی کریگا قوم آگے بڑھے گی تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے ، سفارش کلچر غیر ذمہ داری اور غیر حاضری کی سوچ کو ختم کرکے ہی تعلیمی ترقی کے منازل طے کئے جاسکتے ہیںقومی ترقی کا بنیادی جز تعلیم سے ہی وابستہ ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ تمام تعلیمی سربراہان اساتذہ اور شعبہ تعلیم کے دیگر تمام ذمہ داران اپنی ذمہ داری کاپوری طرح سے احساس کرتے ہوئے نسل نو کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے میں اپنی مصروفیات میں مگن رہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈسٹرکٹ کانفرنس روم میں شعبہ تعلیم سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میںڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن خضدارمحمد جمن ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فیمیل زاہد مصطفی ڈسٹرکٹ فوکل پرسن ای ایم آئی ایس خضدار ظاہر کریم ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن زہری محمد اکرم زہری ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن نال عبدالوہاب ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن کرخ منظوراحمدڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مولہ عبدالعزیزڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن فیمیل خضدار شبانہ نیاز ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن فیمیل نال شبانہ زہری ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن فیمیل وڈھ غلام فاطمہ چیئرمین گورنمنٹ ٹیچر ایسوسی ایشن خضدار عبدالحمید نتھوانی محمد امین طاہری فہیم و دیگر شریک تھے ۔

ضلع اور تحصیل کے تعلیمی سربراہان نے ڈپٹی کمشنر خضدار کو تعلیمی اداروں کی موجودہ صورتحال ،کار کردگی اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔اجلاس میں تعلیمی ترقی معیار بہتر بنانے کے لئے اپنے تجاویز پیش کیئے ۔ڈپٹی کمشنر خضدارمیجر(ر) بشیراحمد نے اجلاس میں اپنی گفتگو کے دوران شعبہ تعلیم میں بنیادی نکات اور ضروراصلاحات کی جانب تعلیمی سربراہان کی توجہ مبذول کراتے کہاکہ مستقبل کے معماروںکی شعور وآگاہی اور تربیت اسی تعلیم سے وابستہ ہے شعبہ تعلیم میں جنہیں تعلیمی ذمہ داریاں سونپی گئیں ہیں اگر وہ اس میں کوتاہی کریں گے سست روی سے کام لیں گے اور اپنی ذمہ داریوں سے اپنے آپ بری الذمہ رکھیں گے تو وہ تعلیمی انحطاط کا سبب بن کر پوری قوم کے ساتھ ناانصافی کا مرتکب ہونگے ۔

شعبہ تعلیم کوتاہی اور کاہلی کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے شعبہ تعلیم سے وابستہ تمام افراد اخلاص اور قومی جوش و جذبے کے تحت اپنی محنت جاری رکھیں اپنی ذمہ داریاں پوری طرح سے ادا کریں ۔ڈپٹی کمشنر خضدار بشیراحمد کا مذید کہنا تھاکہ جو اساتذہ اپنے اسکولز سے غیر حاضر ہیں ان کی تنخواہوں سے ماہانہ کٹوتی کی جائیگی اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ تعلیمی ذمہ داران کی ذمہ داری بنتی ہے کہ جو اساتذہ غیر حاضر ہیں ان کی غیر حاضری سے مجھے آگاہ کریں ۔

اس کا متبادل حل بھی نکالا گیا ہے میں نے از خو اپنا ایک نیٹ ورک قائم کررکھا ہے جس کے تحت تمام تعلیمی اداروں میں غیر حاضر اساتذہ کی لسٹ بنائی جارہی ہے غیر حاضر اساتذہ کے نام اور ان کے تعلیمی اداروں کے نام بھی مجھے موصول ہوئے ہیں ،جو اساتذہ طویل مدت سے غیر حاضر ہیں ان کو ان کی ملازمت سے برخاست کیا جائیگا ۔غیر حاضر اساتذہ پر ایک انکوائری کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جاتا ہے جس کے سربراہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ہونگے یہ کمیٹی اس پورے معاملے کو دیکھ کر رپورٹ پیش کریگی ۔

تعلیمی اداروں میں معیار و میرٹ ہر ایک کی ترجیح ہونی چاہیے اس سلسلے میں ذمہ دار آفیسرز اور ایجوکیشن اسٹاف میرے ساتھ تعاون کریں تاکہ ہم قومی فریضہ سمجھ کر تعلیم کو بلندیوں کی جانب لے جاسکیں تعلیم میں سفار ش کی کوئی گنجائش کا خیال نہ رکھا جائے تعلیم میں تعلق رشتہ داری اقارب اور دوستی سے بالاتر ہو کر فیصلے کیئے جائیں تاکہ معیار و میرٹ کا ہدف حاصل کیا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار بشیراحمد کا کہنا تھاکہ ضلع بھر میں زیر تعمیر اسکولز اسکیمات سے متعلق بھی رپورٹ پیش کی جائے او ربتایاجائے کہ کونسامنصوبہ اسکیم آن گوئنگ ہے اور کن تعلیمی اداروں کا تعمیراتی کام رکا ہوا ہے اور کیوں رکا ہوا ہے ان تمام مسائل سے آگاہ کیا جائے تاکہ ان مسائل کے حل میں پیش رفت کی جاسکے۔۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں