صوبائی حکومت زمینداروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے،فارمرز فرسٹ کانفرنس سے مقررین کا خطاب

جمعرات 30 مارچ 2017 23:20

خضدار۔30مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء) سیکریٹری زراعت عبدالرحمن بزدار،کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی، وائس چیئرمین خضدار عبدالحمید ایڈوؤکیٹ، ڈی جی ایکسئین مسعود بلوچ، ڈی جی ایم ایم ڈی عبدالمنان رئیسانی اور آغا لعل جان احمد زئی نے محکمہ زراعت خضدار کے زیر اہتمام ایک روزہ’’فارمرز فرسٹ‘‘کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور صوبائی وزیر زراعت سردار محمد اسلم بزنجو کی قیادت میں زمینداروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے ۔

صوبے میں زرعی یونیورسٹیز کا قیام ، کچھی کینال منصوبے کے تحت سواسات لاکھ ایکڑ رقبے کو زیر کاشت لانے کی منصوبے پر عملدرآمد کا آغاز اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔

(جاری ہے)

جس سے صوبے میں زراعت مزید ترقی کرے گی اور عوام کو فائدہ ملے گا۔ مقررین نے کہاکہ کوئٹہ میں زرعی یونیورسٹی کی تعمیر جاری ہے کچھی کینال منصوبے پر عملدرآمد تیزی کے ساتھ جاری ہے ۔

انہوںنے کہاکہ زندگی کادارو مدار پانی سے وابستہ ہے اور پانی کا مناسب استعمال زراعت کے اصولوں کے مطابق کرنا چاہیے ۔کاشتکار اپنی فصلات اور باغات کی کاشت کو اپنائیں جو کم پانی کے حامل ہوں۔ مقررین نے کہاکہ اگلے تین چار مہینے میں خضدار سمیت بلوچستان کے تیرہ اضلاع میں سوائل اینڈ واٹر ٹیسٹنگ لیبار ٹریز کو فعال بنایاجائیگا جہاں کاشتکار زمینوں کی مٹی اور پانی کا ٹیسٹ کرواسکیں گے۔

کمشنر قلات ڈویژن اور سیکریٹری زراعت نے یقین دہانی کروائی کہ مارکیٹ کمیٹی خضدار کو جلد فعال کیا جائے گا تاکہ ڈسٹرکٹ خضدار آس پاس کے کاشتکاروں کو مارکیٹ کی سہولیات میسر ہوںسکیں۔انہوںنے کہاکہ غیر لائسنس یافتہ زرعی ادویات ڈیلروں کے کاروبار کو فوری طور پر بند کیا جائیگا۔ مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ زرعی ماہرین کے مشورے اور تجاویز کے مطابق فصلوں کی کاشت ان کی آبپاشی زرعی ادویات اور و دیگر تجربات اپنائیں تو ان کے نقصانات کسی حد تک کم ہوجائیں گے ۔سیمینار میں ڈسٹرکٹ خضدار کے مختلف محکموں کے آفیسران کے علاوہ سو سے زائد کاشتکاروں نے شرکت کی ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں