قبائلی علاقوں کے تاریخی انتخابات، پہلا مکمل غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ، اپ سیٹ ہوگیا

پی کے 105 خیبر کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق آزاد امیدوار شفیق شیر آفریدی 18 ہزار 605 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار، آزاد امیدوار شیر مت خان 6 ہزار 767 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 20 جولائی 2019 23:51

قبائلی علاقوں کے تاریخی انتخابات، پہلا مکمل غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ، اپ سیٹ ہوگیا
خیبر (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 جولائی 2019ء) قبائلی علاقوں کے تاریخی انتخابات، پہلا مکمل غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ، اپ سیٹ ہوگیا، پی کے 105 خیبر کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق آزاد امیدوار شفیق شیر آفریدی 18 ہزار 605 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار، آزاد امیدوار شیر مت خان 6 ہزار 767 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں قبائلی اضلاع میں انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سلسلے میں اب پہلا مکمل غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ سامنے آگیا ہے۔ پی کے 105 خیبر کے تمام 94 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج مرتب کر لیے گئے ہیں۔ نتائج کے مطابق آزاد امیدوار شفیق شیر آفریدی 18 ہزار 605 ووٹ حاصل کرکے فاتح قرار پائیں ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ آزاد امیدوار شیر مت خان 6 ہزار 767 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔ دوسری جانب اب تک موصول ہونے والے مزید غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق آزاد امیدوراوں نے 8 نشستوں پر برتری حاصل کر رکھی ہے۔

جبکہ تحریک انصاف کو 3 اور جماعت اسلامی، جے یو آئی ف کو 2،2 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تمام 16 صوبائی نشستوں کے حتمی نتائج کا اعلان کل کیا جائے گا۔ قبائلی اضلاع میں انتخابات کے حوالے سے ترجمان الیکشن کمیشن ندیم قاسم کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے، سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ واٹس ایپ کے ذریعے الیکشن نتائج موصول ہوں گے، الیکشن نتائج کل دن کے وقت مکمل ہوسکیں گے۔وقت دیا جائے تو تمام معاملات کو بہتر انداز میں سلجھا سکتے ہیں۔ ندیم قاسم نے کہا کہ الیکشن نتائج کے بعد یہ روایت قائم ہونی چاہیے کہ جو ہار گیا ہے، اس کو ہار تسلیم کرنی چاہیے اور جیتنے والے کو مبارکباد دینی چاہیے۔ واضح رہے سات قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی 16 جنرل نشستوں پر پہلی بار انتخابات ہو رہے ہیں۔

قبائلی علاقوں کو صوبہ خیبرپختونخواہ میں ضم کیے جانے کے بعد ان علاقوں میں پہلی مرتبہ صوبائی نشستیں ترتیب دی گئیں، اور اب ان نشستوں پر پہلی مرتبہ انتخابات کروائے جا رہے ہیں۔ جبکہ یہ بھی واضح رہے کہ اس وقت خیبرپختونخواہ کی کل 124 نشستوں میں سے تحریک انصاف کے پاس 85 نشستیں موجود ہیں۔ جبکہ قبائلی علاقوں کی نشستیں شامل کرکے خیبرپختونخواہ اسمبلی کی کل نشستیں 140 ہو جائیں گی۔

خیبر ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں