باڑہ کے مکینوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے دورے پر احتجاجی مظاہرے کا اعلان کر دیا

وزیر اعلی خیبر پختونخواہ اور دیگر حکومتی ارکان کے نمائشی دوروں کی کوئی ضرورت نہیں: اہم سیاسی رہنماؤں کی پریس کلب میں ہنگامی کانفرنس

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 28 جنوری 2020 17:41

باڑہ کے مکینوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے دورے پر احتجاجی مظاہرے کا اعلان کر دیا
باڑہ، ضلع خیبر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28جنوری 2020ء،نمائندہ خصوصی،حُسین آفریدی) وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کے تحصیل باڑہ آمد کے موقع پر احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ وزیر اعلی خیبر پختونخواہ اور دیگر حکومتی ارکان کے نمائشی دوروں کی کوئی ضرورت نہیں۔ ان خیالات کا اظہار باڑہ پریس کلب میں جماعت اسلامی پاکستان ضلع خیبر کے امیر محمد رفیق آفریدی ، نائب امیر شاہ فیصل آفریدی، تحصیل باڑہ کے امیر سلطان اکبر آفریدی ، جے یو آئی اقلیت وینگ کے صدر سربت سنگھ اور دیگر عہدیداروں نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

محمد رفیق آفریدی نے کہا وزیر اعلی خیبر پختونخواہ اور دیگر حکومتی ارکان پہلے بھی تحصیل باڑہ آئے ہیں لیکن کسی بھی ترقیاتی منصوبے کا اعلان تک نہیں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحصیل باڑہ میں سینکڑوں تعلیمی ادارے اور گھر مسمار کیے گئے ہیں۔ انفراسٹرکچر تباہ ہے۔ دیگر اضلاع میں کیڈٹ کالجز بن گئے لیکن خیبر میں اب تک ایک پرائمری اسکول بھی نہیں بن سکا۔

100 ارب کا اعلان کرنے والوں نے ترقیاتی کام پر اب تک 100 روپے بھی نہیں لگائے۔ ارکان پارلیمنٹ کا تعلق بھی پی ٹی آئی سے ہے سینیٹرز ، ایم این اے اور ایم پی اے بھی گونگے ، بہرے اور اندھے ہیں۔ اسمبلی فلور پر بات تک نہیں کر سکتے۔ جماعت اسلامی ضلع خیبر نے حکومت سے مطالبات کرتے ہوئے کہا کہ ڈوگرہ ہسپتال کو اپ گریڈ کیا جائے ، تباہ شدہ تعلیمی اداروں کو جلد از جلد تعمیر کیا جائے مسمار گھروں کے سروے شناختی کارڈ کی بنیاد پر کیے جائیں جن گھروں کے سروے ہوچکے ہیں ان کے مالکان کو جلد از جلد معاوضہ ادا کیا جائے۔

بجلی کی غیر اعلانی لوڈ شیڈنگ کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی کی ترسیل بلا تعطل جاری رکھا جائے اور ڈی آر سی ارکان کو قوم کے مشورے سے منتخب کیے جائیں جن میں سول سوسائٹی کے بے داغ ماضی رکھنے والے لوگ شامل ہو۔ یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان 29 جنوری کو تحصیل باڑہ ضلع خیبر کا دورہ کریں گے۔ جس کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

خیبر ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں