ہائیرایجوکیشن کمیشن نے دو سالہ بی اے /بی ایس سی پروگرام ختم کرکے ایسوسی ایٹ ڈگری کے نام سے نیا پروگرام شروع کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا

پیر 15 جولائی 2019 19:37

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2019ء)ہایئرایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں دو سالہ بی اے /بی ایس سی پروگرام ختم کرکے ایسوسی ایٹ ڈگری (A.D) کے نام سے نیا پروگرام شروع کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیاجس پر مرحلہ وار عملدرآمدکرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ دسمبر2020 کے بعد ایم ای/ایم ایس سی ڈگری پروگرام میں بھی داخلے بندکرکے متبادل کے طورپر بی ایس ڈگری پروگرام میں داخلے دیئے جائیں گے۔

باخبراور مصدقہ ذرائع نے ہایئرایجوکیشن کمیشن کے گزشتہ روز جاری ایک نوٹیفیکیشن کے حوالے سے بتایا کہ ہایئرایجوکیشن کمیشن نے ملک کی تمام یونیورسٹیوں اور کالجوںمیںدوسالہ بی اے /بی ایس سی پروگرام ختم کردیا ہے تاہم دو سالہ بی ای/بی ایس سی پروگرام میں 31 دسمبر2018 سے پہلے داخلہ لینے والے تمام طلبہ کو 31 دسمبر2020 تک ہر صورت اپنی بی ای/بی ایس سی کی ڈگری مکمل کرناہوگی۔

(جاری ہے)

کمیشن کے مطابق آئندہ تمام کاغذی کارروائی و اشتہارات میں بی ای/بی ایس سی ڈگری کی جگہ ایسوسی ایٹ ڈگری یا ADکا نام استعمال کیا جائے۔اعلامیہ کے مطابق تمام کالجز میں آئندہ داخلے صرف ایسوسی ایٹ ڈگری میں دئے جائیں گے جو کہ عموماً سمسٹرسسٹم اور مارکیٹ ضرورت کے مطابق ہوں گے۔ ایسوسی ایٹ ڈگری ایک ہمہ گیر ڈگری ہوگی جس میں جنرل ایجوکیشن کے تحت مختلف مضامین اٴْردو ‘ انگریزی‘ حساب‘ سائنس‘ اکنامکس‘ اسلامیات اور تاریخ وغیرہ پڑھائے جائیں گے۔

اعلامیہ کے مطابق نئی ایسوسی ایٹ ڈگری کا مقصد دورجدید کے تقاضوں کے مطابق طلبہ کے استعدادکار کو بڑھانا ہے تاکہ وہ مخصوص مضامین تک محدودنہ رہیں۔ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام میں بنیادی لازمی مضامین کے علاوہ کمپیوٹر‘ آفس منیجمنٹ‘ ہوٹل‘ زراعت‘ انڈسٹری- ‘ ٹیکنالوجی‘ اکاؤنٹس اور بزنس کے مضامین بھی ہوں گے۔ہائیرایجوکیشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق دو سالہ ایم ای/ایم ایس سی ڈگری پروگرام میں بھی31 دسمبر2020 کے بعد داخلہ نہیں دیا جائے گا اور متبادل کے طورپر بی ایس ڈگری پروگرام میں داخلے دیئے جائیں گے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں