محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا26 ہائی سکولوں کی ہایئرسیکنڈری تک اپ گریڈیشن کرنے کا دعویٰ

بدھ 11 ستمبر 2019 16:15

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) محکمہ تعلیم خیبرپختونخواہ نے صوبہ بھر میں گزشتہ ایک سال کے دوران 45 نئے پرائمری سکول بنانے‘ 22 پرائمری سکولوں کو مڈل اور26 مڈل سکولوں کو ہائی کا درجہ دینے جبکہ26 ہائی سکولوں کی ہایئرسیکنڈری تک اپ گریڈیشن کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ داخلہ مہم کے تحت آٹھ(8)لاکھ بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرایاگیا۔

قبائلی اضلاع کے تعلیمی شعبہ کے لئے 22 ارب روپے کی منظوری دی جبکہ انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کو اتھارٹی کا درجہ دے کرقبائلی اضلاع تک توسیع د ی گئی جہاں قبائلی اضلاع کے 98 فیصد سکولوں کی مانیٹرنگ کی گئی اور گھوسٹ ٹیچرزکو ملازمت سے برطرف کردیاگیا۔محکمہ تعلیم نے نئے اصلاحات کے تحت کئے گئے اقدامات اور گزشتہ ایک سالہ کارگردگی جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ نئے اصلاحات کے تحت اساتذہ کے تبادلے میرٹ پر کرانے کے لئے ’ای ٹرانسفر پالیسی‘ متعارف کرائی۔

(جاری ہے)

صوبے میں 17 ہزار اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کیا اور9300 اساتذہ کی بھرتی کا عمل جاری ہے جبکہ صوبہ میں مزید17 ہزار اساتذہ کو بھرتی کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے جس کے لئے اشتہار جلد جاری کیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں قبائلی اضلاع میں ڈھائی ہزاراساتذہ کی بھرتی کا عمل بھی جاری ہے جبکہ آئندہ پانچ سالوں کے دوران مزید65 ہزاراساتذہ بھرتی کئے جانے کا ہدف ہے۔

محکمہ تعلیم کے جاری اعداوشمار کے مطابق صوبہ میں اساتذہ کی حاضری میں بہتری لائی گئی ہے جہاں 91 فیصدحاضری رہی۔محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کا متازعہ لوگو تبدیل کرکے نیا لوگو متعارف کرایاگیا۔میٹرک بورڈ امتحانات میں سرکاری سکولوں کی کارکردگی بہتررہی جہاں میٹرک کا نتیجہ 73 فیصدجبکہ انٹرمیڈیٹ کا نتیجہ 83 فیصدرہا۔عوام کی شکایات کے لئے ہاٹ لائن کا اجراء کیا گیا۔

صوبہ کے تمام سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے فنڈزمہیا کئے گئے جبکہ قبائلی اضلاع کے طلبا کے لئے وظائف مقررکئے گئے۔ صوبہ میں شعبہ تعلیم میں اصلاحات کا عمل جاری ہے جس کے تحت پرائمری ٹیچرز کے لئے مستقل ٹریننگ پروگرام کا آغازکرکے 16 اضلاع کے 53715 اساتذہ کو تربیت دی گئی۔ محکمہ تعلیم کے نئے اقدامات میں پرائمری ایجوکیشن ریفارمز کے تحت صوبہ میں دس ہزار نرسری ماڈل کلاس رومز کی تعمیر کے پروگرام کا آغازکیا جارہا ہے جس کے لئے تجربہ کارٹیچرزبھرتی کئے جائیں گے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں