کوہاٹ میں عیدالفطر اورچاند رات کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات مکمل

اتوار 25 جون 2017 19:00

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2017ء)کوہاٹ میں عیدالفطر اورچاند رات کے موقع پر سیکیورٹی کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ضلع بھر میں دفعہ 144نافذکرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔نماز عید کے موقع پر مساجد اور عید گاہوں پر بھاری پولیس نفری تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جبکہ حساس مقامات پر چیکنگ اور اہم شاہراہوں پر موبائل گشت بڑھا دئیے گئے ہیں۔

چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے سلسلے میں اقدامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے اسلحہ مارکیٹس بند کردئیے گئے ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کوہاٹ میں عید الفطر کے موقع پر ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صوتحال برقراررکھنے اورکسی بھی ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جامع حفاظتی پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات کی سیکیورٹی کیلئے مساجد اور عید گاہوں پر سینکڑوں پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کے تحت دفعہ 144نافذ کرتے ہوئے اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے اور اس سلسلے میں اندرون شہر واقع اسلحہ کی دکانیں بند کردی گئی ہیں۔

شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی نفری بڑھادی گئی ہے اور پولیس پٹرولنگ میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔شہر میں عید کے موقع پر لگنے والے میلوں اور تفریح گاہوں پر سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے پولیس کی نفری تعینات رہے گی جبکہ تاندہ ڈیم کے تفریحی مقام کو جانے والی روٹس کیلئے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دیکر روڈ کو ون وے قرار دیکر ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی جائے گی۔

چاند رات پر ہوائی فائرنگ کے تدارک کیلئے بھرپور تیاری کرلی گئی ہے اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر سے سختی سے نمٹنے کیلئے پولیس کو اضافی اختیارات تفویض کردئیے گئے ہیں اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف دوہرے مقدمات قائم کرکے انہیں عید لازمی جیل میں گزارنے کی ٹھان لی گئی ہے۔علاوہ ازیںہر سال کی طرح امسال بھی عید کی چھٹیوں کے موقع پر خصوصی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اور عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ چھٹیوں میں گھر سے باہر جانے کی صورت میں گھر کے اندر اور باہر روشنی کا انتظام کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ آپ کا گھر آپ کی غیر موجودگی میں غیر محفوظ تو نہیں،اپنی قیمتی اشیاء مثلاً جیولری ،کیش وغیرہ کسی لاکر میں یاکسی کی حفاظت میں دیکر جائیں ،گھر چھوڑنے سے پہلے دروازوں کی چٹخیاں ،تالے اور مین گیٹ کو باہر کی بجائے اندر سے لاک کریں،چھٹیوں میں گھر سے جانے کی صورت میں اپنے مقامی پولیس کو آگاہ کریں اور اپنے محلہ کمیٹی کے ذریعے سٹریٹ گارڈز کا بندوبست کریں تاکہ وہ آپ کی غیر موجودگی میں گھر کی حفاظت کریں،اپنے آس پاس کے گھروں میں مقیم کرایہ داروں پر گہری نظر رکھیں اور شک کی صورت میں مقامی تھانہ کو بروقت اطلاع کریںتاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہونے سے پہلے انسدادی عمل کو یقینی بنایا جاسکے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں