کوہاٹ میں عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے

پیر 23 جولائی 2018 12:33

کوہاٹ میں عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے
کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) کوہاٹ میں عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ سہیل خالد کی براہ راست نگرانی میں مرتب کردہ جامع سیکیورٹی پلان پرسختی سے عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے جبکہ انتخابی ضابطہ اخلاق اور پولنگ سٹیشنوں پر فول پروف سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنانے کی خاطر پولیس سمیت قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کے اہلکاروں کو مزید متحرک کردیا گیا ہے۔

نگرانی کا عمل مئوثر اور تیز تربناتے ہوئے حساس پولنگ سٹیشنوں میں خفیہ کیمرے نصب کردئیے گئے ہیںاورسیکیورٹی اقدامات کے پیش نظر افغان مہاجرین کو کیمپوں تک محدودکردیا گیا ہے۔ضلع بھر کے تمام پولنگ سٹیشنوں پر پولیس اور پاک فوج کے جوانو ں کو سیکیورٹی کی ذمہ داریاں حوالے کردی گئی ہیں جبکہ اس سلسلے میںایف سی اور سینکڑوں رضا کاروں کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پولنگ کے روز کسی بھی ممکنہ گڑ بڑ کو روکنے اور تمام انتظامی اداروں کے مابین فوری رابطوں کو فروغ دینے کی غرض سے ضلع بھر میں چھ اضافی کنٹرول رومز قائم کردئیے گئے ہیںاور پولیس و پاک فوج کی کوئیک رسپانس ٹیموں کو ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر اضافی چیک پوسٹیں قائم کرتے ہوئے چیکنگ کا عمل سخت کردیا گیا ہے اور اندرون وبیرون شہرتمام اہم شاہراہوں پر پولیس کی موبائل ،رائیڈر اور پیادہ گشت بڑھا دئیے گئے ہیں۔

ضلع بھر میںجنرل الیکشن کے انتخابی عمل کو پرامن بنانے کیلئے پولیس کی طرف سے غیر معمولی اور جامع سیکیورٹی اقدامات کے تناظر میں اسلحہ کی نمائش پر دفعہ 144کے تحت عائد پابندی کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے اور کسی بھی شخص کو اسلحہ لیکر چلنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جارہی۔ علاوہ ازیں پولنگ کا عمل شفاف بنانے اور پولنگ سٹیشنوں کی الیکٹرانک مانیٹرنگ یقینی بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے تحت ضلع بھر میں قائم 444 پولنگ سٹیشنوں میں سیکیورٹی کے لحاظ سے حساس اور انتہائی حساس قرار دئیے گئے پولنگ سٹیشنوں میں خفیہ کیمرے نصب کردئیے گئے ہیں۔

اسی طرح شہر کے چپے چپے میں جرائم پیشہ عناصر اور مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کیلئے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کا سلسلہ بھی جاری ہے اور الیکشن کے روز افغان مہاجرین کی شہر میں نقل و حرکت روکنے اور انہیں انکے رہائشی کیمپوں تک محدود کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں