کوہاٹ‘ ہنگو بشمول قبائلی اضلاع اورکزئی اور کرم میں کل یوم عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات

کوہاٹ اور ہنگوکے علاوہ قبائلی ضلع کرم کے صدرمقام پارہ چنار میں موبائل سروس معطل رہے گی اور ممکنہ طورپر فضائی نگرانی بھی کی جائے گی

جمعرات 20 ستمبر 2018 13:08

کوہاٹ‘ ہنگو بشمول قبائلی اضلاع اورکزئی اور کرم میں کل یوم عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات
کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) کوہاٹ ڈویژن میں ضلع کرک کے سواتمام چاروں اضلاع کوہاٹ‘ ہنگو بشمول قبائلی اضلاع اورکزئی اور کرم میں آج جمعہ کے روز یوم عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت اور فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ دونوںانتہائی حساس اضلاع کوہاٹ اور ہنگوکے علاوہ قبائلی ضلع کرم کے صدرمقام پارہ چنار میں موبائل سروس معطل رہے گی اور ممکنہ طورپر فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔

دونوں شہروں میںموٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پہلے ہی پابندی عائد ہے۔ یوم عاشورکے موقع پر بازار مکمل طورپر بندرہیں گے۔تمام اضلاع کے ضلعی ہیڈکوارٹر زکے تمام داخلی و خارجی راستوں پر اضافی چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں ۔ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پاک فوج ‘پولیس ‘ فرنٹیئر کانسٹیبلری اور فرنٹیئر کور سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر تمام ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔

(جاری ہے)

اس مرتبہ جمعہ کے روز یوم عاشورکی آمد کے موقع پرکوہاٹ میںمقامی انتظامیہ نے مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور نماز جمعہ کے اجتماعات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ماتمی جلوسوں کے پرامن انعقاد کے لئے حکمت عملی طے کرلی ہے جس کے مطابق نماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران لاؤڈسپیکر کی آواز مساجد کے احاطے تک محدود رکھا جائے گا اور ماتمی جلوس کے راستے میںآنیوالے جامع مساجد میںنماز جمعہ کے اجتماعات میں شرکت کرنے والوں کے لئے سہولیات پیدا کی جائیں گی جبکہ نماز جمعہ کے اجتماعات کی ادائیگی کے لئے مقررہ اوقات کا خیال رکھتے ہوئے ماتمی جلوسوں کو متعین کردہ فاصلے طے کرنے پر گامزن کیا جائے گا۔

کوہاٹ میں سیکیورٹی فورسز اور ڈیوٹی دینے والے دیگراداروں کے اہلکاروں کو مخصوص رنگ کے کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔ قبائلی ضلع کرم کے صدر مقام پارہ چنار میں سمیت ملحقہ علاقوں میں انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔دوردراز علاقوں کے لوگوں کو پارہ چنار تک لانے کے لئے پہلی مرتبہ خصوصی شٹل سروس کا اہتمام کیا گیا ہے۔جلوسوں کی حفاظت کے لئے سیکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کئے گئے ہیں۔

پاک فوج‘ کمانڈوز‘ لیوی فورس اور مقامی رضاکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔پارہ چنارشہرمیں داخل ہونے والے ہر شخص کی باقاعدہ جامعہ تلاشی لی جارہی ہے ۔پارہ چنار شہرمیں ہر قسم گاڑیوں کی آمد و فت بند کی گئی ہے۔ ادھرقبائلی ضلع اورکزئی کے ایجنسی ہیڈکوارٹرکلایا اور اہل تشیع کے دیگر علاقوں میں بھی سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔

پاک فوج سمیت فرنٹیئر کور‘ لیوی فورس اور خاصہ داروں پر مشتمل دستے تعینات کردیئے گئے ہیں۔ ڈویژن بھر کے تمام شہروں میں انتظامیہ اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی نگرانی میںیوم عاشورکے تمام ماتمی جلوس متعلقہ امام بارگاہ سے برآمد ہوکر اپنے روایتی اور مقررہ راستوں پر گامزن ہوکر متعین کئے گئے اوقات کے دوران اختتام پذیر ہوں گے ۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں