کابل میں خودکش بم دھماکہ میں 10 افراد جاں بحق،پولیس اہلکاروں سمیت 16 زخمی

صوبہ فرح میں طالبان نے ایک گاؤں پر حملہ کرکے 30 پولیس اہلکاروں اور 8 شہریوں سمیت 38 افرادکو ہلاک کردیا صوبہ غزنی میں طالبان کے حملے میں ہلاک سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی تعداد70 ہوگئی

پیر 12 نومبر 2018 18:30

کوہاٹ/کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) افغان دارالحکومت کابل میں خودکش بم دھماکہ میں 10 افراد جاں بحق اورپولیس اہلکاروں سمیت 16 دیگر زخمی ہوگئے جبکہ مغربی صوبہ فرح میں طالبان نے ایک گاؤں پر حملہ کرکے 30 پولیس اہلکاروں اور 8 شہریوں سمیت 38 افرادکو ہلاک کردیا۔ ادھر صوبہ غزنی میں طالبان کے حملے میں ہلاک سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی تعداد25 سے بڑھ کر70 ہوگئی جن میں 26 سیکیورٹی اہلکار اور 44 افغان شہری شامل ہیں۔

افغان وزارت دفاع کے ترجمان نجیب دانش کے مطابق پیر کے روزبعدازدوپہر کابل شہر میں احتجاجی مظاہرہ کے دوران ایک خودکش بمبار نے پولیس چیک پوسٹ اور استقلال ہائی سکول کے قریب خود کو دھماکہ سے اٴْڑادیا جس کے نتیجے میں 10افراد ہلاک اور 16 دیگر زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ہلاک و زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ دھماکہ کے وقت کابل شہر کے مصروف اور پوش علاقے میں سینکڑوں مظاہرین صوبہ غزنی میں عدم تحفظ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کررہے تھے۔

دھماکہ کی ذمہ داری فوری طورپر کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔ ادھر مغربی صوبہ فراہ کے ضلع خاک سفید کے گاؤں خوست پر طالبان نے حملہ کرکے علاقہ پر قبضہ کرلیا جبکہ حملہ میں 30 افغان پولیس اہلکار اور8 شہری ہلاک ہوگئے۔ ضلعی پولیس سربراہ عبدالجبار کے مطابق طالبان نے کئی گھروں کو نذرآتش کردیا۔صوبائی کونسل کے ممبر خیرمحمدنورازئی کے مطابق طالبان نے دس پولیس اہلکاروں کو یرغمال بھی بنالیا۔دریں اثناء گزشتہ روز صوبہ غزنی کے ضلع جغوری میں طالبان کے حملے میں ہلاک افراد کی تعداد25 سے بڑھ کر70 ہوگئی ہے جن میں26 سیکیورٹی اہلکار اور 44 افغان شہری شامل ہیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں