افغان صوبہ قندہار میں افغان نیشنل آرمی کا ہیلی کاپٹر گرکرتباہ ،سوار پانچ افغان فوجی شدید زخمی

شمالی صوبہ فراہ میں افغان فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ایک کمانڈر سمیت 12 طالبان جاں بحق ،11 زخمی

پیر 10 دسمبر 2018 15:30

کوہاٹ/قندہار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) افغان جنوبی صوبہ قندہار میں افغان نیشنل آرمی کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر گرکرتباہ ہوگیا جس میں سوار پانچ افغان فوجی شدید زخمی ہوگئے جبکہ شمالی صوبہ فراہ میں افغان فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ایک کمانڈر سمیت 12 طالبان جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عزیزاحمدعزیزی اور ملٹری ترجمان لفٹیننٹ کرنل خواجہ یحییٰ علوی کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی شب تقریباً رات دس بجے اٴْس وقت پیش آیا جب افغان نیشنل آرمی کے ایک ہیلی کاپٹرنے قندہار شہر کے قریب واقع ائرپورٹ سے جیسے ہی اٴْڑان بھری تو فنی وجوہات کی بنا پر قریب ہی گرگرتباہ ہوگیا جس میں سوار پانچ افغان فوجی شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپر ہسپتال پہنچادیاگیا۔

(جاری ہے)

بتایاجاتا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹرتربیتی پروازپر جارہا تھا کہ حادثہ کا شکارہوگیا۔ حکام کے مطابق حادثہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔یادرہے کہ رواں سال کے دوران اب تک افغانستان میں (9)ہیلی کاپٹرگرکرتباہ ہوچکے ہیں جن میں درجنوں افرادہلاک وزخمی ہوچکے ہیں۔ادھر افغان حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ شب شمالی صوبہ فراہ کے ضلع دولت آباد کے علاقے ھب بازہ میں افغان سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے مابین شدیدجھڑپ ہوئی جس میں ایک مقامی کمانڈر سمیت 12 طالبان جاں بحق اور 11 دیگر زخمی ہوگئے جن میں بھی ایک کمانڈرملاموسیٰ شامل ہے جبکہ جاں بحق کمانڈر کی شناخت ملا نصرت کے نام سے بتائی گئی ہے۔

حکام کے مطابق جھڑپ میں افغان فورسز کا کوئی نقصان نہیں ہواہے۔ طالبان نے اس واقعہ پر کوئی ردعمل ظاہرنہیں کیا ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں