ملک بھر کی طرح کوہاٹ ڈویژن کے پانچوں اضلاع میں جشن آزادی کے ساتھ ساتھ یوم یکجہتی کشمیر انتہائی جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا

بدھ 14 اگست 2019 15:25

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2019ء) ملک بھر کی طرح کوہاٹ ڈویژن کے پانچوں اضلاع کوہاٹ‘ کرک‘ ہنگو اور قبائلی اضلاع اورکزئی اور کرم میں بھی جشن آزادی کے ساتھ ساتھ یوم یکجہتی کشمیر انتہائی جوش و خروش ،قومی جذبے اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منائی گئی کہ لازوال قربانیوں سے حاصل کی گئی اس مملکت خدادادکو عظیم سے عظیم تر اور پر امن ملک بنائیں گے اور کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریںگے ۔

اس دن کی مناسبت سے ڈویژنل اورتمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں جشن آزادی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔سب سے بڑی تقریب ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کوہاٹ میں منعقد کی گئی جہاںوزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ مطیع اللہ خان اورڈسٹرکٹ ناظم کوہاٹ محمدنسیم آفریدی کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے اس موقع پر سلامی دی۔

(جاری ہے)

تقریب میںضلعی انتظامی افسران ،قومی تعمیر نو محکموں کے سربراہوں،منتخب نمائندوں ، عمائدین علاقہ ،تاجر برادری اور مختلف سکولوں کے اساتذہ اوربچوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر پاکستانی پرچم کے ساتھ ساتھ کشمیر کے جھنڈے بھی لہرائے گئے اور کشمیریوں کے ساتھ ساتھ یکجہتی کا اظہار کیاگیا۔سکول کے بچوں نے تقریب میںملی نغمے پیش کرنے کے علاوہ آزادی کشمیر کے حوالے سے خاکہ اور خصوصی ڈارمہ بھی پیش کیا گیاجنہیںحاضرین نے بے حد سراہا۔

اس موقع پراپنے خطاب میں ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ جشن آزادی بھی منائیں گے لیکن اس اہم موقع پر اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولیں گے جو انتہائی دلیر ی سے بھارتی جارحیت اور ظلم و بربریت کا مقابلہ کررہے ہیں۔اٴْنہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ضرور آزادی ملے گی اور ہم من حیث القوم ان کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے ۔قبل ازیں کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے ایک ریلی بھی نکالی گئی جس کی قیادت مشیرتعلیم نے کی اور اس میں ضلع ناظم،ڈپٹی کمشنر،ڈی پی اواور مختلف مکتبہ ہائے فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مشیر تعلیم کی قیادت میں 13اگست کی رات بھی ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں نوجوانوں اور ہرمکتبہ فکر کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ضلع کرک میں بھی جشن آزادی پورے ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔اس ضمن میں سرکٹ ہاؤس کرک میں ایک پروقار تقریب منعقدہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر کرک شاہ رخ علی خان اور ایم این اے شاہد خٹک مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسروں سمیت تمام محکموں کے سربراہان اور مقامی افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس دستے نے سلامی بھی دی اور پرچم کشائی بھی کی گئی جبکہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لئے تحصیل چوک سے چیل چوک تک بڑی ریلی بھی نکالی گئی۔خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک میں بھی یوم آزادی کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب منعقدکی گئی۔ضلع ہنگو میں بھی جشن آزادی کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی جبکہ کشمیری عوام کے ساتھ کے لئے یکجہتی کا اظہار کرنے کے لئے ضلعی ناظم کی قیادت میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔

قبائلی ضلع اورکزئی کے ہیڈکوارٹربابرمیلہ(ہنگو) میں بھی جشن آزادی کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر منانے کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں ضلعی انتظامیہ کے حکام ‘ لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہوں‘ طلبہ اور قبائلی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پرچم کشائی بھی کی گئی جبکہ ایک ریلی بھی نکالی گئی جس میں کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے گئے۔

قبائلی ضلع کرم میں بھی مقامی انتظامیہ کی سرپرستی میں جشن آزادی انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی جس میں سیکیورٹی فورسز کے علاوہ سکھ برادری نے بھی شرکت کی۔لوئر کرم کے صدر مقام صدہ میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں مقامی انتظامی حکام‘ کرم ملیشیا کے افسروں‘ پولیس افسروں اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں